کویت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خبرجھوٹی ہے،کویت کوئی سرمایہ کاری نہیں کر رہا،کویت انویسٹمنٹ اتھرٹی

کویتی وزارتِ خزانہ اورکویت انویسٹمنٹ اتھرٹی نے پاکستان میں 20ارب ڈالرسرمایہ کاری کرنے کی خبروں کی تردید کر دی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 19 مئی 2019 16:28

کویت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خبرجھوٹی ہے،کویت کوئی سرمایہ ..
کویت (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مئی2019ء) کویت نے پاکستان میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی خبروں کو جھوٹ پر مبنی قرار دے دیا۔ کویتی وزارتِ خزانہ اور کویت انویسٹمنٹ اتھرٹی نے پاکستان میں کسی بھی سرمایہ کاری کی خبر کی تردید کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز پاکستانی میڈیا پر یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ کویت نے پاکستان میں توانائی ، فوڈ سیکیورٹی اور تعمیرات میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔

اس حوالے سے میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ کویت انویسٹمنٹ اتھرٹی سے متعلقہ احمد ادریس نامی شخص جنہیں کویت انویسٹمنٹ اتھرٹی کا نمائندہ بتایا گیا تھا نے سندھ کے وزارتِ آبپاشی سے ملاقات میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے، ہفتے کے روز شائع ہونے والی خبر میں بتایا گیا تھا کہ سرمایہ کاری کا بڑاحصہ توانائی کے شعبے میں خرچ کیا جائے گا،کویت اور پاکستان کے مابین سرمایہ کاری کے لیے معاہدے کئے جائیں گے اور صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

شائع ہونے والی خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کے نمائندے کے مطابق بلوچستان میں بھی سرمایہ کاری کے لیے حکومت کیساتھ ایم اویو پر دستخط کئے گئے ہیں اور اس کے علاوہ سندھ میں گھروں کی تعمیر میں بھی کویتی اتھارٹی نے دلچسپی کا اظہار بھی کیا، یہ خبر پورے قومی میڈیا پر گردش کر رہی تھی لیکن اب کویت انویسٹمنٹ اتھرٹی نے اس خبر کی تردید کر دی ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ کویتی وزارتِ خزانہ یا کویت انویسٹمنٹ اتھرٹی کا احمد ادریس نامی شخص سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ وہ ان کا نمائندہ ہے۔