پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دیرینہ ،برادرانہ دو طرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے گفتگو

اتوار 19 مئی 2019 17:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دیرینہ ،برادرانہ دو طرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو کویت سٹی میں کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے کویتی ہم منصب کو رمضان شریف کی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان ، کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے ، پاکستان کی حکومت اور عوام امیر کویت اور کویتی حکومت کیلئے دلی احترام کا جذبہ رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دیرینہ ،برادرانہ دو طرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ وزیر خارجہ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے، ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے پر اپنے کویتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کویت کی تعمیر و ترقی میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن، اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ان کے علاوہ خلیج میں قیام پذیر لاکھوں پاکستانی کویت مارکیٹ تک رسائی چاہتے ہیں لیکن ویزہ پابندیاں ان کے راستے میں حائل ہیں ، وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں بہت سے ایسے حفاظتی اقدامات کیے ہیں جن سے سفری کاغذات کے غیر قانونی استعمال کی موثر روک تھام کی گئی ہے۔

اس تناظر میں اگر کویت ان ویزہ پابندیوں کا از سر نو جائزہ لے تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔کویتی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے ، کویت کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات قابلِ قدر ہیں ۔کویتی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ وہ ویزوں کی بندش کو از سر نو دیکھیں گے اور پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرینگے۔