Live Updates

شاہ محمود قریشی کی امیر کویت سے ملاقات ، ویزہ پابندیوں کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات سے آگاہ کیا

کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیخلاف آواز اٹھانے اور پاکستانی موقف کی حمایت پر امیر کویت کا خصوصی شکریہ ادا کیا

اتوار 19 مئی 2019 17:30

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امیر کویت شیخ صباح لاحمد الجبر الصباح کو ویزہ پابندیوں کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات سے آگاہ کیا ہے ۔ اتوار کو یہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امیر کویت عزت مآب شیخ صباح الاحمد الجبر الصباح سے ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کیطرف سے امیر کویت کیلئے نیک خواہشات پہنچائیں ۔

وزیر خارجہ نے امیر کویت کو رمضان شریف کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ایک لاکھ سے زیادہ ورک فورس ، ماہرین کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجبر الصباح کو ویزہ پابندیوں کے حوالے سے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات اور مشکلات سے آگاہ کیا ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کیطرف سے خصوصی خطوط بھی امیر کویت کی خدمتِ میں پیش کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش ویزہ سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے ان سے خصوصی توجہ کی درخواست کی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ،اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے ،کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے اور پاکستانی موقف کی حمایت پر امیر کویت کا خصوصی شکریہ ادا کیاامیر کویت نے پاکستانی قیادت بالخصوص وزیر اعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ذاتی کاوشوں کا یقین دلایا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات