شاہ محمود قریشی کی کویت کے وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے ملاقات ،دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دیرینہ ،برادرانہ دو طرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے ،شاہ محمود پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے ،کویت کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات قابلِ قدر ہیں، کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات میں بات چیت

اتوار 19 مئی 2019 17:30

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے ملاقات کی جس میں ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے کویتی ہم منصب کو رمضان شریف کی مبارکباد پیش کی، شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان ، کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام امیر کویت اور کویتی حکومت کیلئے دلی احترام کا جذبہ رکھتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دیرینہ ،برادرانہ دو طرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے ۔

(جاری ہے)

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ۔وزیر خارجہ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے، ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے پر اپنے کویتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن، کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ان کے علاوہ خلیج میں قیام پذیر لاکھوں پاکستانی کویت مارکیٹ تک رسائی چاہتے ہیں لیکن ویزہ پابندیاں ان کے راستے میں حائل ہیں -۔پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں بہت سے ایسے حفاظتی اقدامات کیے ہیں جن سے سفری کاغذات کے غیر قانونی استعمال کی موثر روک تھام کی گئی ہیںاس تناظر میں اگر کویت ان ویزہ پابندیوں کا از سر نو جائزہ لے تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔

کویتی وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے -کویت کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔کویتی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ وہ ویزوں کی بندش کو از سر نو دیکھیں گے اور پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرینگے۔