گوجرانوالہ،تیز رفتار گاڑیوں کے مالکان کے خلاف کریک ڈائون کا اعلان

اتوار 19 مئی 2019 18:45

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) گوجرانوالہ ٹریفک پولیس ان ایکشن،غیر معیاری گیس سلنڈر والی گاڑیوں ،ناجائز تجاوزات کرنے والوں اور تیز رفتار گاڑیوں کے مالکان کے خلاف کل 21مئی سے کریک ڈائون کا آغاز کر دیا جائے گا اس بات کا اعلان چیف ٹریفک آفیسر محمد آصف صدیق نے ٹریفک آفیسران کے ہنگامی اجلاس کے دوران کیا اور تمام افسران و ملازمین کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا قبلہ درست کرلیں اور ٹریفک کے بے ہنگم نظام کو بہتر بنانے کیلئے اپنے فرائض پوری تندہی اور محنت سے سر انجام دیں ۔

انہوں نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا اور وہ اس مہم کی نگرانی خود براہ راست کریں گے ۔سی ٹی او نے مزید کہا کہ شہریوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا بلا شبہ عید کے پیش نظر ٹریفک کا رش معمول سے بڑھ جاتا ہے جس سے ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں پریشانی ہوتی ہے لیکن ٹریفک افسران اور ملازمین اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے ٹریفک کو جاری و ساری رکھیں سی ٹی او نے مزید کہا کہ گیس سلنڈر رکھنے والی گاڑیاں شہریوں کی جانوں کیلئے چلتا پھرتا خطرہ ہے جس سے تمام متذکرہ گاڑی مالکان کو چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کے وضح کردہ اصولوں کے مطابق گیس سلنڈر گاڑیوں میں نصب کرائیں اور متعلقہ ورکشاپ سے گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں ۔

(جاری ہے)

گیس سلنڈر استعمال کرنے والی کمرشل گاڑیوں میں فائر فائٹنگ سلنڈر کا ہونا لازمی ہوگا انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ فٹنس نہ رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔