جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا شہر کی تعمیر و ترقی میں بے مثال کردار ادا کیا ،حافظ نعیم الرحمن

انسانوں کے بنائے ہوئے نظام میں عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ،ْتقریب الخدمت مفت بازارسے سید عبد الرشید و دیگر کاخطاب

اتوار 19 مئی 2019 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2019ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہجماعت اسلامی ملک میں دینی نظام کا نفاذ چاہتی ہے ، اللہ کا دین نافذ ہوگا تو ہمارے معاملات و مسائل خود بخود حل ہوجائیں گے ، معاشرے میں بے راہ روی اور اقربا پروری کا ماحول ختم ہوجائے گا ۔ عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا ، اس کے لیے ہمیں امانت دار اور دیانت دار قیادت کو لانے کی ضرورت ہے ، ایسے حکمران جو اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کریں ، جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملاہم نے شہر کی تعمیر و ترقی میں بے مثال کردار ادا کیا۔

عوام دیکھیں کہ کتنے تجربے کرچکے ، ان سے کیا ملا مہنگائی بڑھ رہی ہے ، مصائب و مشکلات کاسامنا ہے ،ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے اور ہماری کرنسی نیچے کی طرف آرہی ہے ،رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے ، قرآن کی تحریک یہ ہے کہ قرآن کے نظام کو نافذ کیاجائے ، اللہ کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے قرآنی احکامات پر عمل نہیں کیا جارہا ، ہم سب کو دین کے احکامات نافذ کرنے کے لیے مل کر جدوجہد کرنا ہوگی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع گلبر گ کے تحت تقریب الخدمت مفت بازار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے رکن سندھ اسمبلی و امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید ،ضلع گلبرگ کے امیر وسابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کے منتظمین مبارکباد کے مستحق ہے جوتسلسل کے ساتھ کئی سال سے الخدمت بازار لگاتے ہوئے لوگوں کی مدد کرنے کے کلچر کو عام کررہے ہیں معاشرے میں سفید پوش لوگوںکو زندگی گزارنے میں آسانی پیدا کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ غربت ، مفلسی اور بے راہ روی کی بنیادی وجہ ناانصافی ،بدامنی اور فساد پر مبنی معاشرہ ہے ، غریب کو اس کا حق دینے کے بجائے اس کااستحصال کیا جاتا رہا ہے ،حکومتی اختیارات ان لوگوں کے پاس ہیں جو لوگوں میں عدل و انصاف نہیں کرتے ، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ نہیں کرتے ، شہر میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ پانی اور بجلی کا ہے ، رمضان المبارک میں بھی شہریوں کو پانی اور بجلی سے محروم کیا ہواہے ،جماعت اسلامی ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں عدل وانصاف ہو ، ہر شہری کو اس کا جائز حق ملے ، ہم چاہتے ہیں کہ آج جو لوگ راشن لینے آئے ہیں کل یہی لوگ راشن دینے والوں میں شامل ہوجائیں اس کے لیے ہم سب کو مل کر ایک اسلامی معاشرے کو قائم کرنا ہوگا اور ایسے لوگوں کو اقتدار میں لانا ہوگا جو عد ل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کریں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کے حوالے سے ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے ۔ دینی مدارس، مساجد ، کفالت یتامی ، اسپتال اور اسی طرح سے راشن کی تقسیم میں پاکستان سر فہرست ہے اور پاکستان میں سب سے زیادہ کراچی میں مخیر حضرات ہیں جو اللہ کی راہ میں خرچ کرنے میں مسابقت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ کراچی پاکستان کا مرکز بنا ہوا ہے ، پوری دنیا کے لوگ کراچی آتے ہیں ،دین کے کاموں میں تعاون کے لیے ، دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے اور امت مسلمہ میں جہاں کہیں بھی مسلمان مسائل کا شکار ہوتے ہیں خصوصاً برما، روہنگیا ، فلسطین اور شام کے مظلوم مسلمانوں کی امدا د کے لیے کراچی کے لوگوں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کو حصہ لیا ہے اور ان کی دل کھول کر امداد کی ہے ۔

انہو ں نے کہاکہ الخدمت ایک فلاحی تنظیم ہے جو محدود وسائل کے باوجود پورے ملک میں خدمت خلق میں مصروف ہے ، کراچی میں 6بڑے اسپتال قائم کیے گئے ہیں جہاں انتہائی سستا اور معیاری علاج کیا جاتا ہے ، تعلیم کے میدان میں حلقہ خواتین کے تحت بیٹھک اسکول کا نیٹ ورک قائم ہے جہاں یتیم بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے ، پورے پاکستان میں الخدمت کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں جہاں لوگوں کو انتہائی سستا پانی فراہم کیا جاتا ہے اور سب سے بڑھ کر کفالت یتامیٰ کی مد میں پورے پاکستان میں 12ہزار ایسے بچے ہیں جن کے والدین نہیں ہیں ان کی ماہانہ کفالت کی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی محدود وسائل کے باوجود انسانی خدمت میں مصروف ہے لیکن حکومت کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں غریب اور متوسط گھرانوں کی ہر طرح سے امداد کرے ۔ معاشرے سے بد امنی ، خرابی کو دور کرے ۔سید عبد الرشید نے کہاکہ جماعت اسلامی جھوٹے وعدے اور دعوؤں پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بے شمار نعتوں سے نوازا ہے ،ہم صبح سے رات تک رزق حلال کمانے کے لیے محنت کرتے ہیں ،اپنے وجو د کا استعمال کرتے ہیں لیکن ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارے اوپر سیاست کرنے والوں نے لسانیت وعصبیت کی بنیاد پر اور عوام کے حقوق کے نام پر سیاست کی ۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ جیسی اسلامی ریاست کا تصور صرف جماعت اسلامی میں ہی موجود ہے ۔خیر کے کاموں میں گلبرگ کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے بڑی محنت سے اہل خیر حضرات کے تعاون سے غریب لوگوں کے لیے راشن کا انتظام کیا اور امید ہے کہ یہ اسی طرح مشعلیں جلاتے رہیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بنیادی ضروریات کی فراہمی اور غربت کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے ،اس وقت کراچی میں بجلی کا بڑا مسئلہ ہے ، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے اور عوام کو گیس میسر نہیں ہے ، کراچی میں 70سالوں میں جماعت اسلامی نے بلدیہ میں 11سال حکومت کی اور کراچی میں 3پروجیکٹ مکمل کیے جس کی وجہ سے آج پورا کراچی پانی استعمال کررہا ہے لیکن جو لوگ 30سالوں سے کراچی میں برسراقتدار ہیں انہوں نے کراچی والوں کے لیے آج تک ایک کنواں بھی نہیں کھدوایا ۔

ضرورت اس مر کی ہے کہ دیانت دار ،امانت دار اور حق گو انسان کا ساتھ دیا جائے۔