Live Updates

موجودہ حکومت نے ملکی معیشت بین الاقوامی یہودی سودی اداروں کے حوالے کرکے قوم کو مستقل غلام بنانے کا فیصلہ کر لیا،مولانا عبدالحق ہاشمی

اتوار 19 مئی 2019 21:16

8کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت بین الاقوامی یہودی سودی اداروں کے حوالے کرکے قوم کو مستقل غلام بنانے کا فیصلہ کر لیا۔موجودہ حکمران بھی سابقہ لٹیروں کے نقش قدم پر چل کر ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔عوام نے سابقہ حکومتوں کی لوٹ مار سے تنگ آکر نئی حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ کی تھی مگر نئی حکومت نے ملک دشمنوں کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کرکے عوام کو مہنگائی اور ملک کو تباہی کے راستے پر ڈال دیا ۔

جماعت اسلامی ہی امید کی کرن اور حقیقی تبدیلی ومدینہ کی اسلامی ریاست کی داعی منظم پارٹی ہے انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں خطرناک اضافے سے ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی ہے، اس سے مہنگائی کا ایک نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوگا جو بے حال عوام کی زندگی کو مزید اجیرن بنادے گا۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر عمل درآمد کے سنگین نتائج نکلیں گے حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کو قوم کے سامنے لائے۔

پاکستانی روپے کی بے قدری نے حکمرانوں کی اہلیت کا پول کھول دیا ہے۔ پاکستانی روپیہ ایشیا کی بدترین کرنسی بن چکا ہے۔ ایک ڈالر 79افغان، 70انڈین روپے اور84 بنگالی ٹکہ کے برابر جبکہ پاکستان میں 151روپے تک پہنچ چکا ہے۔ مئی 2018سے اب تک روپے کی قدر میں 29فیصد تک کمی ہوچکی ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے نو ماہ کے اقتدار میں ڈالر کی قیمت میں 26.5روپے کا اضافہ کیا ہے، جس سے پاکستان کے مجموعی قرضوں کا حجم 350کھرب سے تجاوز کرچکا ہے۔

المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے دور میں ان قرضوں میں 52کھرب 15ارب 30کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے جس سے ہر شہری اوسطاً ایک لاکھ 69ہزار روپے کا مقروض ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی اونچی اڑان سے ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ اورنج ٹرین کی لاگت 340ارب تک پہنچ گئی ہے اور منصوبے پر سست روی سے حکومت کو یومیہ 6کروڑ 90لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ تبدیلی سرکار نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ معیشت کا قتل عام کیا جارہاہے، اس پر خاموش نہیں رہا جاسکتا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات