عید کے بعد کراچی سے چترال تک مہنگائی، بے روزگاری،بد امنی اور ورلڈ بنک اورآئی ایم ایف کی غلامی کیخلاف بھرپور احتجاج کریں گے ، سراج الحق

U گلی گلی میں تحریک چلائیں گے،موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے، جو قرضے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے 10سال میں لیے تھے، موجودہ حکومت نے اتنے قرضے 10مہینے میں لے لیے ہیں sیہ مدینہ کی اسلامی ریاست کا مذاق اڑارہے ہیں کیونکہ مدینہ کی اسلامی ریاست میں سود، فحاشی و بے حیائی نہیں تھی، جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں ہر مظلوم کو انصاف ملے گا ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان ہی عوام کو سکون چین اور راحت فراہم کرسکتا ہے، استقبالیہ و دعوت ِافطار میں خطاب

اتوار 19 مئی 2019 22:10

3%کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عید کے بعد کراچی سے چترال تک مہنگائی، بے روزگاری،بد امنی اور ورلڈ بنک اورآئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے اور گلی گلی میں تحریک چلائیں گے،موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے، اس حکومت میں شامل اکثریت جنرل مشرف کے ساتھی اور پیپلز پارٹی کے لوگ ہیں، ایم کیو ایم بھی شامل اقتدار رہے جو قرضے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے 10سال میں لیے تھے، موجودہ حکومت نے اتنے قرضے 10مہینے میں لے لیے ہیں،یہ مدینہ کی اسلامی ریاست کا مذاق اڑارہے ہیں کیونکہ مدینہ کی اسلامی ریاست میں سود، فحاشی و بے حیائی نہیں تھی، عوام پر ظلم نہیں ڈھایا جاتا تھا، مدینہ کی ریاست میں حکمران عوام کے خادم ہوتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں ہر مظلوم کو انصاف ملے گا، بے روزگار کو روزگار ملے گا، خواتین کو عزت و تحفظ اور وہ مقام ملے گا جو اللہ اور اس کے رسول نے عطا کیا ہے، ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان ہی عوام کو سکون چین اور راحت فراہم کرسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کی جانب سے مولوی عثمان پاک اسٹیڈیم چاکیواڑہ لیاری میں اپنے کے اعزاز میں استقبالیہ و دعوت ِافطار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

استقبالیہ میں لیاری کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔قبل ازیں سینیٹر سراج الحق نے مولوی عثمان پارک میں لیاری کے عوام سے ملاقات بھی کی، علاقہ مکینوں نے لیاری کے اندر عوام کو درپیش مسائل اور مشکلا ت سے آگاہ کیا۔دعوت ِافطار سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،ضلع جنوبی ورکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید، ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پرسکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،نائب امرائ ضلع جنوبی ظہور احمد جدون، علی حسین، ناظم علاقہ اولڈ سٹی فتح محمد، ناطم علاقہ گارڈن فیصل میمن ودیگر بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہا کہ ماضی میں لیاری کے نام کے ساتھ ہی خوف اور دہشت گردی کا خیال آتا تھا، لیاری کو ماضی میں تباہ وبرباد کیا گیا اور یہاں سے عوام سے ووٹ لینے والوں نے لیاری کے عوام کو ہمیشہ مایوس کیا ہے لیکن آج لیاری کے عوام نے سید عبد الرشید نے کو سندھ اسمبلی میں بھیج کر اپنا حقیقی نمائندہ بھیجا ہے۔

سید عبد الرشید لیاری ہی نہیں بلکہ کراچی کے عوام کے ترجمان بنیں گے اور عوام کے مسائل کے حل کی بھرپور جدوجہد کریں گے،لیاری کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں حاصل کیا گیا یہ ملک اسلام کے لیے قائم کیا گیا آج اس ماہ مبارک میں ہم عہد کریں کہ اس ملک کو اس کے قیام کے مقاصد سے ہم آہنگ کرنے اور ملک میں اسلامی نظام نافذ کرنے کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ رمضان قرآن کا مہینہ ہے، ایثا ر قربانی،پڑوسیوں کے حقوق ادا کرنے اور جدوجہد کرنے کا مہینہ ہے۔انہوں نے کہاکہ 71سال میں ملک میں سول و فوجی حکمران رہے جاگیردار اور وڈیرے اقتدار میں رہے لیکن ایک دن کے لیے بھی ملک میں اسلامی نظام کو نافذ نہیں کیا۔ اللہ تعالیٰ نے ملک کو بے شمار معدنی وسائل سے نوازا ہے۔ سمندر اور دریا ہیں لیکن حکمرانوں کی بد اعمالیوں نے ملک کے عوام کو مسائل سے دوچار کیا ہوا ہے۔

ملک آج بھی بیرونی قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے اور حکمران مزید قرضے لے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں لوگ پانی کے لیے احتجاج کررہے ہیں اور وفاقی وزیر فرمارہے ہیں کہ ہم تبدیلی کے لیے آئے تھے پانی دینے کے لیے نہیں آئے تھے۔آج کراچی سمیت ملک بھر میں عام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا شکار ہیں اور حکمران کہتے ہیں کہ ہم تو تبدیلی کے لیے آئے ہیں۔

وہ کون سی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے دورمیں عوام کے اندر ڈپریشن کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔مہنگائی میں کئی گناہ اضافہ ہوا ہے، پیٹرول کی قیمتیں بڑھ گئیں، گیس کی قیمت بڑھ گئیں، ڈالر کی قیمت بڑھتی جارہی ہے، معیشت تباہ اور عوام بے حال ہوگئے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ آج لیاری کے عثمان پارک اسٹیڈیم میں لیاری کے عوام نے سینیٹر سراج الحق کا بھرپور خیر مقدم کر کے ثابت کردیا کہ لیاری کے عوام جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں اور سراج الحق کو قائد تسلیم کرتے ہیں۔

لیاری کے عوام نے سید عبد الرشید کو سندھ اسمبلی کا رکن بنا کر درست فیصلہ کیا ہے اور رشید بھائی لیاری کے عوام کی ترجمانی کریں گے ان کے مسائل کے حل کے لیے پہلے بھی سرگرم عمل تھے اور آئندہ بھی ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔یہ لیاری کے عوا م کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔سید عبد الرشید نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بڑا کرم ہے کہ اس نے ہمیں ماہ رمضان المبارک میں ایک بار پھرموقع فراہم کیا ہے کہ ہم اپنے گناہوں کی معافی طلب کریں اور مغفرت حاصل کریں۔

انہوں نے کہاکہ آج ہم نے امیر جماعت اسلامی پاکستان کو لیاری میں آنے کی دعوت دی اور انہوں نے لیاری کے عوام کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے لیاری کے علاقے چاکیواڑہ آئے ہیں اور سراج الحق ایک سال کے اندر دوسری مرتبہ لیاری آئے ہیں ورنہ دیگر پارٹیوں کے سربراہ تو بلڈ پروف گاڑیوں میں کبھی کبھی نظر آتے ہیں اور لیاری کے عوام دور سے ہی ہاتھ ہلا کر چلے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ اسمبلی میں ہم نے لیاری کے عوام کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ماضی میں بھی جماعت اسلامی نے ہی کراچی میں پانی کے پروجیکٹ مکمل کیے، سابق میئر عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دورمیں ہی کراچی کے شہریوں کے لیے اضافی پانی کو یقینی بنایا۔عبد الستا ر افغانی کے دورمیں بنائے گئے لیاری جنرل ہسپتال کو اب جماعت اسلامی کی کوششوں سے اپ گریڈ کیا جارہا ہے اور عید کے بعد وہاں ٹراما سینٹر بھی کام کرنا شروع کردوں گا۔#