زمیندار نے ڈیرے پر نوکری سے جواب دینے کی رنجش پر نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا

اتوار 19 مئی 2019 22:30

زمیندار نے ڈیرے پر نوکری سے جواب دینے کی رنجش پر نوجوان کو موت کے گھاٹ ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) زمیندار نے ڈیرے پر نوکری سے جواب دینے کی رنجش پر نوجوان کو اغواء کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا‘ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کرتے ہوئے دو روز قبل اغواء کے مقدمہ 395/19 میں قتل کی دفعات کا اضافہ کر دیا‘ تھانہ نشاط آباد کے علاقہ 7 ج ب کا رہائشی نوجوان جاوید ولد پیارا مسیح نلکہ کوہالہ میں عباس جٹ کے ڈیرے پر مال مویشیوں کو چارہ ڈال کر ملازمت کرتا تھا‘ ڈیرے دار عباس سے اپنی تنخواہ کے عوض 10 ہزار روپے مانگے نہ ملنے پر جاوید نے اس کے ڈیرہ پر کام کرنے سے انکار کر دیا جس پر مذکورہ نوجوان کو جمعرات کے روز گھر سے بلوا کر اغواء کروا دیا گیا‘ جس کی نعش پولیس کو راجے والا سے ملی‘ تھانہ نشاط آباد پولیس نے مقتول کی بیوی غزالہ کی مدعیت میں ملزم عباس کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی۔