پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن رہنمائوں کے اعزاز میں افطار ڈنرکا اہتمام ،سابق وفاقی وزیر قمرزمان کائرہ کے مرحوم صاحبزادے کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی

اتوار 19 مئی 2019 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنمائوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے اعزاز میں افطار ڈنرکا اہتمام کیا ۔افطار ڈنر سے پہلے سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ کے مرحوم صاحبزادے کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔مریم نواز نے پاکستان مسلم لیگّ(ن) کی نمائندگی کی، اس موقع پر شاہد خاقان عباسی اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبار ،سردار ایاز صادق اور پرویز رشید بھی موجود تھے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ،جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ ،قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیرپائو ،جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور بشتون تحفظ موومنٹ کی قیادت سمیت سیاسی رہنمائوں کی بڑی تعداد نے افطار ڈنر میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف رہنماء یوسف رضا گیلانی ،راجہ پرویز اشرف ،نیئر حسین بخاری،فرحت اللہ بابر، قمر زمان کائرہ ،رحمان ملک ،چوہدری منظور ،نوید قمر،مصطفیٰ نواز کھوکھر، ہمایوں خان اور پلوشہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی نے افطار ڈنر میں شرکت نہیں کی ، انہوں نے پارٹی وفد کو بھجوایا ۔جماعت اسلامی کے سراج الحق اور عوامی نیشنل پارٹی کے اسفند یار ولی نے بھی افتار ڈنر میں شرکت نہیں کی ،عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے اے این پی کے اجمل اسفند یار ولی اور زاہد خان نے افطار ڈنر میں شرکت کی۔افطار ڈنر کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی جس میں سیاسی رہنمائوں نے ملکی مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔