خانہ کعبہ میں 138 سال قبل دی گئی اذان کی ریکارڈنگ منظر عام پر آ گئی

1885ءکی اذان ہالینڈ کے ایک مستشرق کرسٹین سنوک ہور نے ریکارڈ کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 20 مئی 2019 11:23

خانہ کعبہ میں 138 سال قبل دی گئی اذان کی ریکارڈنگ منظر عام پر آ گئی
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20 مئی 2019ء) شاہ عبدالعزیز اکیڈمی کی جانب سے حرم مکّی الشریف میں آج سے 138 سال قبل دی گئی اذان کی آڈیو جاری کی گئی ہے۔ اکیڈمی نے یہ تاریخی ریکارڈنگ ہالینڈ کی لیڈن یونیورسٹی سے حاصل کر کے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر اپ لوڈ کی ہے۔ پُرانے دور کی اس اذان کی ریکارڈنگ کے ساتھ حرم مکی الشریف کی پرانی تصاویر بھی دکھائی گئی ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس وقت حرم شریف کی عمارت کیسے تھی۔

شاہ عبدالعزیزاکیڈمی کے مطابق حرم مکی شریف میں اذان کی یہ ریکارڈنگ 1302 ہجری بمطابق 1885 عیسوی کی ہے جو ہالینڈ کے ایک مستشرق (مشرقی اقوام و مذاہب کے اسکالر) کرسٹین سنوک ہور نے ریکارڈ کی تھی۔کرسٹین ہنوک اپنے علمی و تحقیقی دورے کے سلسلے میں سعودی عرب آیا تھا جہاں اُس نے اذان کی آواز ریکارڈ کر لی جو بعد میں ہالینڈ کی لیڈن یونیورسٹی کے ذخیرے میں محفوظ ہو گئی۔

(جاری ہے)

شاہ عبدالعزیز اکیڈمی نے لیڈن یونیورسٹی سے یہ ریکارڈنگ حاصل کی۔ واضح رہے کہ اس دور میں لاو¿ڈ سپیکرکی سہولت موجود نہیں تھی اور اذان براہِ راست دی جاتی تھی۔ اذان کی یہ آڈیو سُن کرپُرانے زمانے میں پہنچ جانے کا احساس ہوتا ہے۔ مسجد نبوی کے ایک موذن نے بتایا کہ انہوں نے پہلی اذان 10 برس کی عمر میں دی تھی۔ موذن کے مطابق ان دِنوں وہ مسجد نبوی کے میناروں پر چڑھ کر اذان دیتے تھے۔ ’ان دنوں بجلی نہیں ہوتی تھی، لوگ گرمیوں میں اپنی چھتوں پر سویا کرتے تھے۔ ہماری کوشش ہوتی تھی کہ بلند آواز میں اذان دیں تاکہ دُور تک سُنی جائے۔‘