ڈیفینس سے اغوا ہونے والی 20 سالہ بسمہ گھر پہنچ گئی

لڑکی کی رہائی کے لیے اہل خانہ سے 1 کروڑ روپے وصول کیا گیا، لڑکی کے اغوا میں اہلخانہ کا کوئی قریبی شخص ملوث ہو سکتا ہے۔ پولیس ذرائع

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 20 مئی 2019 11:35

ڈیفینس سے اغوا ہونے والی 20 سالہ بسمہ گھر پہنچ گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2019ء) کراچی کے علاقے ڈیفینس سے اغوا ہونے والی 20 سالہ بسمہ گھر پہنچ گئی ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لڑکی کی رہائی کے لیے اہل خانہ سے مبینہ طور پر 1 کروڑ روپے کا تاوان طلب کیا گیا تھا جس کی ادائیگی کے بعد ہی لڑکی کو رہا کیا گیا تھا۔ایس ایس پی پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں اہلخانہ کا کوئی قریبی شخص ملوث ہو سکتا ہے،ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لڑکی کے والد نے پولیس کو تفصیلات نہیں بتائیں تاہم اس بات کا قوی امکان ہے کہ اہلخانہ نے لڑکی کی رہائی کے لیے رقم ادا کی ہے۔ایس ایس پی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ کیس پولیس کے لیے ایک چیلنج ثابت ہوا اس سے مستقبل میں پولیس کا ایسے کیسز سے نمٹنے کے لیے صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں ایک نوجوان لڑکی کو اس کی رہائشگاہ کے باہر سے 4 مسلح ملزمان نے گرفتار کر لیا تھا،ہ درخشاں پولیس تھانے کے افسر نے بتایا ہے کہ 20 سالہ لڑکی اتوار کے روز اپنے کزن اور دیگر افراد کے ہمراہ رات ایک بجے ڈیفینس میں سڑک کنارے قائم ایک ریسٹورنٹ میں چائے پینے گئی تھی۔

جس کے بعد سے وہ خود اس مقام سے کار چلا کر گھر کی طرف آئیں جب کہ ڈرائیور برابر والی سیٹ پر بیٹھا تھا۔
جیسے ہی وہ گھر کے قریب پہنچا تو ڈرائیور کار کا دروازہ کھولنے کے لیے نیچے اترا۔اس وقت ایک کار سوار میں 4 مسلح ملزمان آئے اور ڈرائیور کو دروازہ نہ کھولنے کا کہا۔جس پر ڈرائیور خوفزدہ ہو کر سمجھا کہ ڈاکو آ گئے ہیں جس کے بعد اس نے کسی طرح گھر میں داخل ہو کر اہل خانہ کو آگاہ کیا۔

جب تک اہل خانہ گھر کے دروازے پر پہنچے تو مسلح افراد لڑکی کو لے کر جا چکے تھے جس کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں لگ سکا۔پولیس نے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اغواء کی واردات اتوار کے روز تقریباَ ایک بج کر 45منٹ پر ہوا تھا۔لڑکی کے اغوار کی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔