ملک میں والی بال کھیل کے فروغ کیلئے تعلیمی ادارے بڑا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، کورین کوچ کی خدمات سے یقینا کھلاڑی کو فائدہ پہنچے گا، پاکستانی کوچ لائق خان

پیر 20 مئی 2019 12:50

ملک میں والی بال کھیل کے فروغ کیلئے تعلیمی ادارے بڑا اہم کردار ادا کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) قومی والی بال جونیئر کوچ لائق خان نے کہا ہے کہ ملک میں والی بال کے کھیل کے فروغ کیلئے تعلیمی ادارے بڑا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، حکومت تعلیمی اداروں میں کھیل کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں ایشین جونیئر والی بال چیمپین شپ کی تیاری کیلئے جاری قومی انڈر۔

23 ٹیم کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کے دوران اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فیڈریشنز اور ایسوسی ایشیزکیلئے ایک اچھا موقع ہے کہ سکول کالج اور یونیورسٹی میں گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران ضلعی یا تحصیل کی سطح پر سمر کمپس کا انعقاد کرے جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکتا ہے اور اس نئے ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کیلئے قومی جونیئر کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ لگا کر ان نوجوانوں کو مزید تربیت دے کر ان کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی تربیتی کیمپ میں بلائے جانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر قومی والی بال چیمپئن شپ کے دوران کیا گیا اور کھلاڑی پہلی بار تربیتی کیمپ میں اچھے لمبے قد والے آئے ہیں۔ پاکستان واپڈا سے تعلق رکھنے والے کوچ لائق خان نے کہا کہ ملک میں پاکستان واپڈا ایک اہم ادارہ ہے جو ملک میں تقربیاً تمام مرد اور خواتین کھیلوں کے قومی مقابلوں میں حصہ لیتا ہے اور ہر گیمز میں اس کی شاندار کار کردگی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان واپڈا کے کھلاڑی میرٹ کی بنیاد پر قومی ٹیموں کا حصہ بن کر نہ صرف ملک کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر میڈلز حاصل کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس برما میں کھیلی گئی ایشین انٹر کلب والی بال چیمپئن شپ میں بھی پاکستان واپڈا نے حصہ لیا جس میں پاکستان واپڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

اس وقت پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں ایشین جونیئر انڈر۔23 والی بال چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں ملک بھر سے 21 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ان کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی، پاکستان ائیرفورس، پاکستان نیوی اور خیبرپختونخوا سے ہے۔ ان کھلاڑیوں کو میرے علاوہ کورین کوچ مسٹرکم کیونگھون، پاکستان پولیس کے کوچ مظہر حسین گجر اور پاکستان ایئرفورس کے کوچ سعید احمد خان کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے سمیت والی بال کے کھلاڑی وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب کے شکر گزار ہیں جن کی کاوشوں سے کورین کوچ مسٹرکم کیونگھون پاکستان آکر والی بال کے کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں۔ اس سے یقینی طور پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کومزید سیکھنے کا موقع ملے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں لائق خان نے کہا کہ ایشین جونیئر انڈر۔23 والی بال چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر آنے کی توقع ہے کیونکہ کھلاڑی تربیتی کیمپ میں بھر پور تیاری کر رہے ہیں اور رمضان المبارک میں رات ساڑھے 10 سے صبح دو بجے تک تربیتی سیشن ہوتا ہے۔ رمضان المبارک کے بعد دو سیشز صبح و شام ہوںگے۔ ایشین جونیئر انڈر۔23 والی بال چیمپئن شپ رواں سال اگست میں برما میں کھیلی جائے گی جس میں ایشیائی سطح کے 16 ممالک کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔