انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف درخواستیں ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت

پیر 20 مئی 2019 13:33

انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف درخواستیں ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف مریم نواز سمیت متعدد ٹیکس دہندگان کی درخواستیں ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔ عدالت عالیہ کے روبرو مریم نواز سمیت متعدد ٹیکس دہندگان کی درخواستوں پر سماعت ہوئی ۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے کہا کہ انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز اور قانون پر ہائیکورٹ کے دو الگ الگ فیصلے آ چکے ہیں، عدالت سنگل بنچ کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں دو رکنی بنچ کے پاس زیر سماعت ہیں، مناسب ہوگا کہ یہ درخواستیں بھی وہاں پیش کی جائیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ایف بی آر نے مریم نواز کو 31کروڑ 86لاکھ روپے کے اثاثوں پر نوٹس بھجوائے گئے ہیں، مریم نواز سمیت ٹیکس دہندگان کو جس انکم سپورٹ لیوی ایکٹ کے تحت نوٹسز بھجوائے گئے ہیں، وہ قانون غیرمئوثر ہو چکا ہے، مریم نواز ایک رجسٹرڈ ٹیکس پیئر ہے اور فقہ کے مطابق زکو بھی ادا کرتی ہیں، درخواست گزار نے ہمیشہ قانونی طور پر ٹیکس ادا کیا اور کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا، ٹیکس ،عوامی مقاصد کیلئے حکومت کی جانب سے وصول کی جانے والی رقم ہے، ،انکم ٹیکس لیوی سپورٹ ایکٹ 2013ء آرٹیکل 73کے سیکشن 2 اے سے متصادم ہے، 18ویں آئینی ترمیم کے تحت سوشل ویلفیئر صوبائی معاملہ ہے، ان لینڈ ریونیو ایف بی آر کی جانب سے انکم سپورٹ لیوی کی وصولی کالعدم قرار دی جائے۔