پشاور ہائی کورٹ کے احکامات پر ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ہرنو ندی میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کر دیا

پیر 20 مئی 2019 14:41

پشاور ہائی کورٹ کے احکامات پر ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ہرنو ندی ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ہرنو ندی میں قائم تمام تجاوزات کا خاتمہ کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ضلع ایبٹ آباد اپنی معتدل آب و ہوا، جنگلات اور قدرتی خوبصورتی کی بناء پر مشہور ہے، مری روڈ پر دھمتوڑ سے تھوڑے فاصلے پر ہرنو ندی ایک قدرتی سیاحتی مقام ہے جہاں گذشتہ کئی برسوں میں غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی وجہ سے آلودگی پھیل رہی تھی اور ندی کا پانی آلودہ ہو رہا تھا۔

اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد نے ٹی ایم اے کے ہمراہ ہرنو بازار اور ہرنو ندی میں بنائی گئی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اور تمام عارضی و پختہ تجاوزات کو ختم کر دیا۔

(جاری ہے)

ایری گیشن ایکٹ کے تحت کسی بھی ندی نالے کے دونوں اطراف 200 فٹ کی حدود میں کسی بھی قسم کی رہائشی و کمرشل سرگرمی کی اجازت نہیں ہوتی تاکہ سیلاب یا طغیانی کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔

شہریوں سے گذارش ہے کہ ایبٹ آباد کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں، مزید اپنی شکایات کی صورت میں ضلعی کنٹرول روم پر 0992-9310200 یا ’’پاکستان سٹیزن پورٹل ایپ‘‘ کے ذریعہ اپنی شکایات ضلعی انتظامیہ تک پہنچائیں۔