سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق وفاقی حکومت سے رائے طلب کرلی

وفاقی حکومت بتائے گلگت بلتستان سے متعلق حکومت کا کیا موقف ہے، اس موضوع پر اٹارنی جنرل سے کم کسی کو نہیں سنیں گے، عدالت عظمیٰ

پیر 20 مئی 2019 15:07

سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق وفاقی حکومت سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق وفاقی حکومت سے رائے طلب کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی حکومت بتائے گلگت بلتستان سے متعلق حکومت کا کیا موقف ہے، اس موضوع پر اٹارنی جنرل سے کم کسی کو نہیں سنیں گے۔ پیر کو سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بنچ نے کی۔

(جاری ہے)

جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ حکومت نے قانون سازی کیلئے مزید مہلت کی درخواست دائر کی ہے، حکومت نے قانون میں کچھ ترامیم تجویز کی ہیں۔جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ گلگت بلتستان کے حوالے سے حکومت کا واضح موقف نہیں ہے، گلگت بلتستان کے حوالے سے حکومت کسی کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے۔جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ قانون سازی میں مزید مہلت کی دائر کردہ درخواست میں نظرثانی کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق وفاقی حکومت سے رائے طلب کرلی اور کہاکہ وفاقی حکومت بتائے گلگت بلتستان سے متعلق حکومت کا کیا موقف ہے، اس موضوع پر اٹارنی جنرل سے کم کسی کو نہیں سنیں گے۔ ٹارنی جنرل کی غیر موجودگی کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی جو عید کے بعد ہوگی