قصور۔ الیچی ایک انتہائی اہم اورنقد آور فصل ہے ،ترجمان محکمہ زراعت

پیر 20 مئی 2019 15:17

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) ترجمان محکمہ زراعت نے کہاہے کہ الیچی ایک انتہائی اہم اورنقد آور فصل ہے جس کا پھل نہایت میٹھااور لذیزہونے کے علاوہ عوام میں بے حد پسندکیاجاتاہے تاہم اس کی مناسب نگہداشت اور اسے معمول کے باغات اور پھلوں سے ہٹ کر کئی گنا زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے باغبان ا لیچی کی بہتر پیداوار کے حصول کے لئے پانی کی کمی نہ آنے دیں اور اگر بارشیں نہ ہوں تو درختوں پر دن میں کم ازکم 2مرتبہ مصنوعی بارش برسانے کا بھی اہتمام کریں تاکہ ا لیچی کے پودوں کی پانی کی ضرورت کو پوراکیاجاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ الیچی کا پھل زیادہ ترجنوبی پنجاب کے گرم علاقوں میں بہتراندازمیں نشوونماپاتاہے جس کو ٹہنی کے ساتھ قلم کیاجاتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اگرالیچی کی زیادہ سے زیادہ کاشت کیلئے اقدامات کئے جائیں تو اس نقدآورفصل کو برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی دلچسپی کا حامل ہے کہ اگرچہ الیچی کا پھل گرم تاثیر رکھتاہے لیکن اس کے باوجود اسے گرمیوں میں بہت پسندکیاجاتاہے۔

انہوں نے کہا کہ الیچی کی 4اقسام گولا‘ کلکتی‘ بے دانہ‘ بمبے کم کاشت ہونے کے باعث مہنگے داموں فروخت ہوتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ الیچی کا ایک درخت اوسطاً 2سی4من پھل کی پیداوار دیتاہے جو مارکیٹ میں 250 سے 300 روپے فی کلوفروخت ہوتاہے اس طرح ایک ایکڑ سے باغبان کم ازکم 2 لاکھ روپیہ آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں مزید معلومات کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔