ہواوے کے موبائل فونز پر گوگل کی سروسز معطل ، ہواوے کا پہلا بیان سامنے آ گیا

دنیا بھر میں موجود کروڑوں ہواوے صارفین نے گوگل کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 20 مئی 2019 15:03

ہواوے کے موبائل فونز پر گوگل کی سروسز معطل ، ہواوے کا پہلا بیان سامنے ..
(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2019ء) : معروف موبائل کمپنی ہواوے کی اینڈرائیڈ سسٹم اور گوگل تک رسائی معطل ہو گئی جس کے بعد کمپنی کی جانب سے پہلا بیان جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق موبائل کمپنی ہواوے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہواوے نے دنیا بھر میں اینڈرائیڈ سسٹم کی ترقی اور ترویج میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اینڈرائیڈ کے اہم شراکت دار ہونے کی حیثیت سے ہم نے ایکو سسٹم کی ترقی کے لیے ان کے اوپن سورس پلیٹ فارم کے ساتھ کام کیا جس سے صارفین اور انڈسٹری دونوں کو ہی فائدہ ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہواوے کی جانب سے موجودہ ہواوے و آنر اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس پر سکیورٹی اپ ڈیٹس اور فروخت کے بعد کی سروسز فراہم کی جائیں گی، جس میں فروخت کیے گئے اور دنیا بھر میں اسٹاک میں موجود ڈیوائسز بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم ایک محفوظ اور پائیدار ایکو سسٹم کی تیاری جاری رکھیں گے تاکہ ہم دنیا بھر میں موجود اپنے صارفین کو اچھی سروسز دے سکیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل معروف سرچ انجن گوگل نے ہواوے پر عائد اس پابندی سے متعلق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام جاری کیا تھا۔ گوگل نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اینڈرائیڈ اکاؤنٹ سے پیغام جاری کیا اور کہا کہ گوگل کا ہواوے سے متعلق اقدام امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی حالیہ پابندیوں کی روشنی میں کیا گیا۔ گوگل کا کہنا تھا کہ ہم یقین دہانی کرواتے ہیں کہ جب تک ہم امریکی احکامات پر عمل کر رہے ہیں تب تک گوگل پلے اور گوگل پلے اینڈ سکیورٹی جیسی سروسز آپ کی موجودہ ہواوے ڈیوائسز پر چلتی رہیں گی۔

دوسری جانب اس پابندی کے بعد ہواوے صارفین نے گوگل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ ڈونلڈ ٹرمپ کا ماسٹر پلان ہے کہ سب موبائل فونز پر پابندی عائد کر دی جائے تاکہ لوگ آئی فون خریدیں۔
ایک اور صارف نے کہا کہ گوگل کو یہ طے کرنے کا اختیار نہیں ہے کہ مجھے کون سا فون استعمال کرنا ہے۔

اگر ہواوے نے نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کروا دیا تب بھی میں ہواوے ہی استعمال کروں گا۔ کیونکہ یہ میرا بنیادی حق ہے۔ گوگل کو اس سارے معاملے میں نیوٹرل رہنا چاہئیے تھا۔
کچھ صارفین نے تو گوگل کی حیثیت پر سوالات اُٹھا دئے اور کہا کہ گوگل تو پرائیویٹ کمپنی نہیں تھی ؟ امریکی حکومت نے کب سے گوگل کو سرکاری کمپنی کا درجہ دے دیا ؟
ایک اور صارف نے کہا کہ یہ انتہائی گھٹیا ہے۔

میں نے ہواوے کا پی 30 پرو موبائل فون استعمال کیا ہے اور یہ کسی بھی آئی فون سے کہیں بہتر ہے۔ میں ہواوے کی حمایت کرتی ہوں اور اُمید کرتی ہوں کہ اس مسئلے کا جلد ہی کوئی حل نکال لیا جائے گا۔
ایک صارف نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہواوے کو اپنا آپریٹنگ سسٹم لانچ کر دینا چاہئیے۔
یاد رہےکہ حال ہی میں واشنگٹن نے ایک پاکستانی کمپنی اور 12 غیر ملکی افراد و اداروں کو امریکہ کی پابندی فہرست میں شامل کرلیا تھا جس میں انہیں محدود آئٹم کی مبینہ تجارت کے لیے مخصوص لائسنس کی ضرورت ہوتی ہے۔ فہرست میں درج مجموعی کمپنیوں میں سے 4 کا تعلق چین اور ہانگ کانگ، مزید 2 چینی اور ایک پاکستانی کمپنی جبکہ 5 اماراتی افراد بھی شامل ہیں۔