گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا‘میاں خرم الیاس

مہنگی گیس و بجلی سے پیداواری لاگت میں اضافہ اور ملکی برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے

پیر 20 مئی 2019 15:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں47فیصد اضافہ کی سفارشات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا ۔مہنگی گیس صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ اور مہنگی اشیاء کے باعث ملکی برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھے گا اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر کمی کا شکار ہونگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے گیس کی چوری روکے تو اربوں روپے کے خسارہ پر قابو پایا جاسکتا ہے اور گیس مہنگی کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہ ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ صنعت کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت نہ صرف مینو فیکچررز کی معاونت ہو ، بلکہ صنعتی کارکنوں کو بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کے اقدامات کیے جائیں ۔انہوںنے کہا کہ صنعتی شعبہ میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری نہ دی جائے کیونکہ صنعتی شعبہ میں گیس پہلے ہی بہت زیادہ مہنگی ہے ۔