حسن علی، شاداب خان ورلڈ کپ کے خطرناک باﺅلرز کی فہرست میں شامل

کگیسو ربادا،مچل سٹارک ، ٹرینٹ بولٹ ،راشد خان ،عمران طاہر بھی اس فہرست کا حصہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 20 مئی 2019 15:28

حسن علی، شاداب خان ورلڈ کپ کے خطرناک باﺅلرز کی فہرست میں شامل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مئی 2019ء) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں بیٹسمینوں کےلئے مشکلات پیدا کرنے والے خطرناک فاسٹ بولرز کی فہرست تیار کر لی گئی ہے اس لسٹ میں پاکستان کے حسن علی بھی شامل ہیں۔کرکٹ ورلڈ کپ شروع ہونے میں اب کچھ ہی دن باقی ہیں، ایسے میں ان فاسٹ باﺅلرزکی ایک فہرست تیار کی گئی ہے جو انگلینڈ اینڈ ویلز میں ہونے والے میچز میں بیٹسمینوں کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتے ہیں۔

اس فہرست میں 5 فاسٹ باﺅلرز کو جگہ ملی ہے جس میں پاکستان کے حسن علی بھی شامل ہیں، عالمی نمبر ایک بھارت کے جسپریت بمراہ بھی اس میں موجود ہیں، انہیں آخری اوورز کا سپیشلسٹ بولر قرار دیا جاتا ہے۔جنوبی افریقا کے نوجوان فاسٹ باﺅلر کگیسو ربادا نے سپیڈ اور سوئنگ کی وجہ سے فہرست میں جگہ بنائی ہے، حسن علی نے 2017 ءمیں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں 13 وکٹیں حاصل کیں اورپلیئر آف دی ٹورنا منٹ قرار پائے۔

(جاری ہے)

مچل سٹارک اور ٹرینٹ بولٹ 2015 ءورلڈ کپ کے کامیاب ترین باﺅلرز رہے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ ان فاسٹ باﺅلرز کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کی وکٹیں کڑا امتحان بھی ثابت ہوں گی۔ادھر آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں نو ٹیموں کے 14 سپنرز کی فہرست ترتیب دیدی گئی ،فہرست میں ویسٹ انڈیز کا کوئی سپنر نہیں ہے،فہرست میں سب سے زیادہ افغانستان کے سپنرز شامل ہیں،افغانستان کے راشد خان ،مجیب الرحمان، سمیع اللہ شنواری بیٹسمین کو مشکل میں ڈالیں گے،بھارت،جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے دو دوسپنرز فہرست میں شامل ہیں جبکہ پاکستان ، آسٹریلیا ،بنگلا دیش،انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کاایک ایک سپنرفہرست میں ہے،بیٹسمینوں کےلئے خطرہ بننے والے سپنرز کی فہرست میں شاداب خان بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ شاداب خان حال ہی میں ہیپاٹائٹس کے مرض سے صحت یاب ہوئے ہیں اور انہوں نے چند روز قبل ہی ٹیم کو انگلینڈ میں جوائن کیا ہے۔