قومی ادارہ برائے امراض قلب کراچی میں مالی بحران شدید ہو گیا

مرکزی اسپتال اور 8 سیٹلائٹ سینٹرز میں دوائیں اور طبی آلات کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے،ایگزیکٹو ڈائریکٹرکا وزیراعلیٰ سندھ کو خط

پیر 20 مئی 2019 16:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) کراچی میں قومی ادارہ برائے امراض قلب میں مالی بحران شدت اختیار کر گیا ہے، اسپتال میں دوائیں اور طبی آلات نایاب ہو گئے۔اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے وزیراعلی سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ مرکزی اسپتال اور 8 سیٹلائٹ سینٹرز میں دوائیں اور طبی آلات کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ این آئی سی وی ڈی میں فنڈز نہ ملنے سے انتظامی امور بری طرح متاثر ہوئے ہیں، عدم ادائیگیوں پر ٹھیکیداروں نے دوائیں اور طبی آلات دینے سے معذرت کر لی ہے۔ڈاکٹر ندیم قمر نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ فنڈز نہ ملنے سے مریضوں کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں، لیاری، نوابشاہ، مٹھی اور خیر پور سینٹرز کے قیام سے اب تک حکومت نے فنڈز نہیں دیے۔