محمد علی جناح یونیورسٹی کے اساتذہ اور اسٹاف کو موبائل انٹر کام سروس کی فراہمی

پیر 20 مئی 2019 16:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) محمد علی جناح یونیورسٹی (ماجو)کراچی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبہ کی جانب سے ٹیچنگ فیکلٹی اور اسٹاف کے درمیان موثر رابطہ کے لئے پی اے بی ایکس ایکسٹنشن کی سہولت کے ساتھ ساتھ اب آئی پی ٹیلیفون سروس کے ذریعہ ان کے موبائل فون پر بھی انٹرکام سروس فراہم کردی گئی ہے جس کی بنا پر وہ اب ایک دوسرے کے ساتھ بہ آسانی بات چیت کرسکیں گے تاہم یہ سہولت انھیں یونیورسٹی کیمپس کی حدود میں ہی حاصل ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

ماجو کے آئی ٹی مینیجر شہباز عبداللہ نے بتایا ہے کہ اساتذہ اور اسٹاف کو دوسرے مرحلہ میں ان کے اس سافٹ فون کمیونیکیشن سسٹم کو یونیورسٹی کے پرانے پی اے بی ایکس انٹرکام سروس کے ساتھ بھی منسلک کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ طلبہ کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے آئی ٹی کے شعبہ کی جانب سے ایک مرکزی پرنٹنگ سینٹر بھی قائم کردیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں طلبہ ماجو کی کسی بھی لیب میں کام کرتے وقت اپنی ٹائپ کردہ دستاویزات یا کاپی کیا گیا مواد اس مرکزی پرنٹننگ سینٹر کو بھیج کر اپنی ہارڈکاپی وہاں جاکر وصول کرسکیں گے جس کی بنا پر اب ہر لیب میں پرنٹر نصب کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی او ر انتظامی اخراجات میں بھی کمی کی جاسکے گی۔