اسلام آباد میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصی کانفرنس کل ہو گی ‘علامہ طاہر محمود اشرفی

سعودی عرب کے مختلف شہروں پر میزائل اور ڈرون حملے ناقابل قبول ہیں،مسلم ام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے

پیر 20 مئی 2019 16:53

اسلام آباد میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصی کانفرنس کل ہو گی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) سعودی عرب کے مختلف شہروں پر میزائل اور ڈرون حملے ناقابل قبول ہیں، ارض حرمین شریفین کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے ہر لمحہ سربکف ہیں، عالم اسلام کی وحدت اور اتحاد کے مرکزپر حملہ مسلم ام کو متحد ہونے کی دعوت دیتا ہے ، کل اسلام آباد میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصی کانفرنس ہو گی ۔

یہ بات پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین اور دفاع حرمین شریفین کونسل کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں علما و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد اشفاق پتافی ،مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا ابو بکر صابری ، مولانا الیاس مسلم ، مولانا حفیظ الرحمن ، مولانا نائب خان ، مولانا قاری ممتاز ربانی ، مولانا قاسم قاسمی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ارض حرمین شریفین مسلمانوں کیلئے سرخ لائن ہے ، گذشتہ روز سعودی عرب کے مختلف شہروں اور مکہ المکرمہ پر میزائل اور ڈرون حملوں کی کوشش نے امت مسلمہ میں اضطراب پیدا کر دیا ہے ،حوثی باغیوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم اور او آئی سی کو فوری ایکشن لینا ہو گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کے تحت آج اسلام آباد میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصی کانفرنس ہو گی جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور رہنما خطاب فرمائیں گے۔