رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران خوراک کی درآمدات میں 9.85 فیصد کمی ریکارڈ

پیر 20 مئی 2019 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران خوراک کی درآمدات میں 9.85 فیصد کمی آ گئی۔ جولائی سے اپریل 2018-19ء کے دوران خوراک کی درآمدات 4.7 ارب ڈالر رہیں جو کہ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 5.216 ارب ڈالر تھیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ عرصہ کے دوران پام آئل کی درآمدات 10.99 فیصد کی نمایاں کمی کے ساتھ 1.54 ارب ڈالر رہیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 1.73 ارب ڈالر تھیں۔

دالوں کی درآمدات 2.3 فیصد کمی کے ساتھ 432.54 ملین ڈالر رہیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 442.7 ملین ڈالر تھیں۔ دودھ، کریم اور دودھ سے بنی مصنوعات درآمدات میں بھی 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سویابین آئل کی درآمدات 34.3 فیصد کمی کے ساتھ 79.12 ملین ڈالر رہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران خوراک کی مجموعی درآمدات میں 9.85 فیصد کی کمی آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :