سیدعلی گیلانی کا میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو زبردست خراج عقیدت ،یوم شہادت کے موقع پر ہڑتال ،

عید گاہ چلو مارچ کی مکمل حمایت دونوں رہنماؤں کی تحریک آزادی کیلئے خدمات قابل قدر ہیں،کشمیری شہداء کے مشن کی آبیاری کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں، حریت رہنماء کا بیان

پیر 20 مئی 2019 18:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ممتاز حریت رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو ان کے یوم شہادت کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہمہ وقت جدوجہد کو جاری رکھنا ہے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں دونوں رہنماؤں کی تحریک آزادی کیلئے خدمات کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پر خاص طورپر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان کے مشن کی آبیاری کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔انہوںنے دونوںشہید رہنمائوںکے ساتھ ذاتی اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مولوی محمد فاروق ایک عالم دین اور شعلہ بیان مقرر تھے اور خواجہ عبدالغنی لون ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور مفکر تھے ۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی نے ان کی برسیوں پرپورے مقبوضہ علاقے میں ہڑتال اور عید گاہ چلو پروگرام کی حمایت کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ عوام اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو جاری رکھیں گے اور شہداء کی قربانیوں کا استحصال کرنے والے عناصر کی ریشہ دوانیوں کو بھانپتے ہوئے انہیں ناکام ونامراد بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔حریت چیئرمین نے اس موقعہ پر جملہ شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری قوم نے اپنی تحریک آزادی کیلئے جتنی بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اس کی مثال تاریخ انسانیت میں بہت کم ملتی ہے۔

انہوںنے حریت پسند قوم سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوجیوںکی طرف سے آئے روزکشمیری نوجوانوں کے خلاف بالخصوص آپریشن آل آوٹ کے تحت قتل وغارت گری، ظلم و تشدداورگرفتایوں کی ظالمانہ اور جابرانہ کارروائیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے اور عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کیلئے اپنی پُرامن اور سیاسی مزاحمتی جدوجہد کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔