وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا یو ایس ایف 63ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب

پیر 20 مئی 2019 18:17

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا یو ایس ایف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے یونیورسل سروسز فنڈ (یو ایس ایف) کو آئی ٹی ٹیلی کام کی سہولیات دور دراز علاقوں میں فراہم کرنے کیلئے فنڈز کی فراہمی کے طریقہ کار کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز کی تقسیم کے حوالہ سے شفاف آڈٹ کرایا جائے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یو ایس ایف کے 63ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری آئی ٹی ٹیلی کمیونیکیشن معروف افضل، یو ایس ایف اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں گذشتہ بورڈ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے دادو کے مضافات میں نیکسٹ جنریشن براڈ بینڈ اور دیرپا ترقی کیلئے سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں ٹیلی نار کو ٹھیکہ دینے کی منظوری بھی دی۔

(جاری ہے)

ٹیلی نار فنڈز کے استعمال سے دادو سمیت جامشور اور ٹھٹھہ اضلاع کے ملحقہ علاقوں میں نیٹ ورکنگ کرے گی۔ بورڈ کے اجلاس میں وزیرستان میں ٹیلی کام سہولیات کی فراہمی کیلئے پاکستان موبائل کمیونیکیشن لمیٹڈ کو ٹھیکہ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزارت آئی ٹی ٹیلی کام آفس کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یو ایس ایف حکام کو ہدایات جاری کیں کہ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں بلاامتیاز آئی ٹی ٹیلی کام کی سہولیات کی فراہمی کیلئے فنڈز کی شفاف تقسیم کی جائے۔

انہوں نے سابقہ ادوار میں یو ایس ایف کے فنڈز کے استعمال سے ایک جامع شفاف آڈٹ کرانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ یونیورسل سروسز فنڈ کی طرف سے دیئے جانے والے ٹھیکوں کے تحت ٹیلی نار اور پاکستان موبائل کمیونیکیشن لمیٹڈ (یوفون) ضلع دادو کے 500 اضلاع میں 10 لاکھ سے زائد شہریوں کو تیز ترین انٹرنیٹ اور وزیرستان میں 6 لاکھ 50 ہزار لوگوں کو ایف آر ٹینک کی سہولت فراہم کریں گی جبکہ نیکسٹ جنریشن براڈ بینڈ برائے دیرپا ترقی کے تحت نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر سہولیات فراہم کریں گی۔

اس سہولت کے تحت این۔25 اور این۔26 کے درمیان لسبیلہ، خضدار، قلات، جعفرآباد، نصیر آباد، بولان اور سبی جبکہ این۔50 اور این۔70 کے درمیان پشین، قلعہ سیف الله، ژوب، شیرانی اور بارکھان کے علاقوں میں آئی ٹی ٹیلی کام اور انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔