مصر میں عظیم عجائب گھر کے نزدیک سیاحوں کی بس پر بم حملہ، 17 افراد زخمی

بم پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا ،کوئی ہلاک نہیں ہوا، بس کے شیشے ٹوٹ گئے،تصاویر سوشل میڈیا پرجاری

پیر 20 مئی 2019 18:20

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) مصر کے شہر جیزہ میں تاریخی سیاحتی مقام اہرام ِ مصر کے نزدیک اتوار کو عظیم عجائب گھر کے سامنے سیاحوں کی ایک بس کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصر کے سکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں زیادہ تر غیرملکی سیاح ہیں اور ان میں جنوبی افریقا کے شہری بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بم پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا تھا لیکن اس میں کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔بم دھماکے کے بعد بس کی سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں۔دھماکے سے بس کے شیشے ٹوٹ گئے اور وہ سڑک پر بکھرے پڑے تھے۔جیزہ میں اہرامِ مصر کے نزدیک دسمبر میں بھی سیاحوں کی ایک بس کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں تین ویت نامی سیاح اور ان کا مصری گائیڈ ہلاک اور دس افراد زخمی ہوگئے تھے۔