سعودی وزیر ثقافت کا دانش ور شخصیات کے لیے افطار عشائیے کا اہتمام

ہماری وزارت سعودی ثقافت میں تیزی سے جنم لینے والی تبدیلیوں سے ہم آہنگی کے لیے کام کررہی ہے،گفتگو

پیر 20 مئی 2019 18:22

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے باور کرایا ہے کہ ان کی وزارت سعودی ثقافت میں تیزی سے جنم لینے والی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے واسطے کام کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دانش وروں سے سپورٹ حاصل کی جا رہی ہے۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بن فرحان نے یہ بات جدہ ضلع کے علاقے البلد میں سعودی دانش وروں کے اعزاز میں دیے گئے افطار عشائیے کے موقع پر کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت یہ چاہتی ہے کہ مملکت کے دانش وران ایسی تجاویز پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں جو وطن عزیز کی ثقافت کے کام آئے اور اس سیکٹر میں ہمہ جہتی کے ساتھ اعلی کارکردگی کو یقینی بنائے۔بن فرحان نے کہا کہ مملکت میں ثقافت کے سیکٹر کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی سپورٹ حاصل ہے اور اس خصوصی توجہ کی نمائندگی کے لیے وزارت ثقافت کے سامنے ایک بڑی ذمے داری آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ثقافت اس قومی امانت کی پوری سنجیدگی کے ساتھ انجام دہی کے لیے کوشاں ہے تا کہ ویژن 2030 پروگرام کے اہداف کو حاصل کیا جائے۔