میاں اسلم اقبال سے جرمن الباء گروپ کے نمائندوں کی ملاقات

کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی

پیر 20 مئی 2019 18:34

میاں اسلم اقبال سے جرمن الباء گروپ کے نمائندوں کی ملاقات
لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے سول سیکرٹریٹ میں جرمنی کے الباء (ALBA) گروپ کے نمائندوں نے ملاقات کی، ملاقات میں کوڑا کرکٹ سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی ،اس موقع پر صوبائی وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانا چاہتی ہے جس کا آغاز لاہور سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کیا جا سکتا ہے ، انہوں نے جرمن گروپ سے کہا کہ وہ ایسا پلان دیں جو خود شہر سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرکے اس سے بجلی پیدا کرے اور یہ بجلی پنجاب حکومت خریدے گی، انہوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ صوبائی درالحکومت سے شروع کیا جا سکتا ہے اور اس کا دائرہ کار فیصل آباد، گوجرانوالہ ، راولپنڈی، ملتان اور دیگر بڑے شہروں تک پھیلایا جا سکتا ہے، صوبائی وزیر نے جرمن کمپنی کے سربراہ سے ٹیلی فون پر بات کی جنہوں نے کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے میں سرمایہ کاری پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا گروپ ماہ رمضان کے بعد پنجاب کا دورہ کرے گا اور ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لے گا۔