ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی زیر صدارت ہائوس اینڈ لائبریری کمیٹی کا اجلاس، 104 اضافی فیملی سویٹ اور سرونٹ کواٹرز کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار

پیر 20 مئی 2019 19:53

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی زیر صدارت ہائوس اینڈ لائبریری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) قومی اسمبلی کی ہائوس اینڈ لائبریری کمیٹی نے 104 اضافی فیملی سویٹ اور سرونٹ کواٹرز کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس پیر کو ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی زیر صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز میں 104اضافی فیملی سویٹ اور سرونٹ کواٹرز کی تعمیر سمیت پارلیمنٹ لاجز میں سیکیورٹی، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور تازئین ارائش و مرمتی کے کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمیٹی نے کہا کہ جس منصوبے کو 2013ء میں مکمل ہونا تھا وہ سی ڈی اے اور تعمیراتی فرم کی نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو رہائش گاہوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ سی ڈی اے 104 اضافی فیملی سویٹ کے منصوبہ کی جلد تکمیل کیلئے ایک جامع لائحہ عمل تیار کرے۔

کمیٹی ممبران نے پارلیمنٹ لاجز میں سیکیورٹی اور صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے سی ڈی اے انتظامیہ کو پارلیمنٹ لاجز کی سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کی بھی ہدایت کی۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والے مرمتی اور تزئین و آرائش کے کاموں میں میٹریل کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے، پارلیمنٹ لاجز میں استعمال ہونے والے فنڈز میں کفایت شعاری کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور ایسا کام ہونا چاہئے جو دیرپا ہو۔ کمیٹی ممبران نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا پارلیمنٹ لاجز کے معاملات میں گہر ی دلچسپی لینے کو سراہا۔