وزیراعلیٰ کی زیرصدارت، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا اجلاس،

ادارے کی کارکردگی اور دیگر امور کا جائزہ لیاگیا لاہور،ملتان اورراولپنڈی واسلام آبادمیٹروبس سروس کے منصوبوں کے آپریشنل اخراجات کو حقیقت پسندانہ بنانے کیلئے تجاویز طلب

پیر 20 مئی 2019 20:38

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا اجلاس،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے لاہور،ملتان اورراولپنڈی واسلام آبادمیٹروبس سروس کے منصوبوں کے آپریشنل اخراجات کم کرنے اور حقیقت پسندانہ بنانے کیلئے تجاویز طلب کر لیں۔

وزیراعلیٰ نے آپریشنل اخراجات کو حقیقت پسندانہ بنانے کیلئے سفارشات کی تیاری کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے آپریشنل اورمینٹیننس کنٹریکٹ کا جائزہ لینے کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

کمیٹی میںمنصوبہ بندی و ترقیات ،خزانہ ،ٹرانسپورٹ ،قانون اورپنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام شامل ہوںگے۔

کمیٹی کنٹریکٹ کا جائزہ لے کر7روز میں رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے میٹروبس سروس کے منصوبوں اورلاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی ۔صوبائی وزیرٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی،اراکین قومی اسمبلی صداقت علی خان، ابراہیم خان،ایڈوکیٹ جنرل پنجاب ،ارکان صوبائی اسمبلی اعجاز خان، غضنفر عباس چھینہ،میاں طارق عبداللہ، سعدیہ سہیل رانا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری قانون، سیکرٹری ٹرانسپورٹ،سیکرٹری فنانس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔