پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹو کا اجلاس ، محکمہ ٹرانسپورٹ میں خلاف قانون ترقیوں ،اضافی تنخواہ کی ادائیگی پر شدید اظہار برہمی

ٹیوٹا کے آڈٹ پیراز پر اطمینان کا اظہار ،ٹیوٹا کے آڈٹ پیراز وقت پر تیار نہیں کئے گئے مگر کوئی بے ضابطگی سامنے نہیں آئی ‘چیئرمین

پیر 20 مئی 2019 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) پنجاب اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹو نے محکمہ ٹرانسپورٹ میں خلاف قانون ترقیوں اور اضافی تنخواہ کی ادائیگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔پبلک اکاونٹس کمیٹی ٹو کا اجلاس چیئرمین سید یاور عباس بخاری کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی ممبران احمد علی اولکھ ،خواجہ سلمان رفیق، عظمیٰ بخاری، کرنل (ر) ایوب گادھی ،رانا منور غوث سمیت محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹیوٹا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی اور ٹیوٹا کے آڈٹ پیراز زیر غور آئے۔اجلاس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں خلاف قانون ترقیوں اور اضافی تنخواہ کی ادائیگی کی نشاندہی ہوئی۔جس پر کمیٹی نے شدید اظہار برہمی کیا۔چیئرمین یاور عباس بخاری نے کہا کہ من مرضی کے تحت ایک آدمی کی پروموشن کی گئی ،میٹرو بس اتھارٹی کو سابق حکومت نے اربوں روپے سبسڈی دی جبکہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کو اس کے مقابلے میں کم پیسے دئیے گئے،حیران ہوں کہ دونوں کمپنیاں حکومت کی ہیں مگر ایک جیسا سلوک نہیں کیا گیا،کئی معاملات عدالت میں ہونے کے باعث انہیں نہیں چھیڑا گیا۔

(جاری ہے)

پی اے سی ٹو نے ٹیوٹا کے آڈٹ پیراز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا کے آڈٹ پیراز وقت پر تیار نہیں کئے گئے تاخیر ضرور ہوئی مگر کوئی بے ضابطگی سامنے نہیں آئی ۔