ریلوے میں نئی بھرتیوں سے تباہی مچ جائے گی،خواجہ سعد رفیق

وزارت ریلوے میں10 ہزار نئی نوکریوں کا اعلان بربادی ہے، صرف ٹیکنیکل لوگ بھرتی کیے جائیں،ریلوے کے کرایوں میں مزید اضافہ غریب عوام سے ظلم ہو گا۔سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 20 مئی 2019 20:05

ریلوے میں نئی بھرتیوں سے تباہی مچ جائے گی،خواجہ سعد رفیق
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مئی 2019ء) سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے میں نئی بھرتیوں سے تباہی مچ جائے گی، وزارت ریلوے میں 10 ہزار نئی نوکریوں کا اعلان بربادی ہے،صرف ٹیکنیکل لوگ بھرتی کیے جائیں، ریلوے کے کرایوں میں مزید اضافہ غریب عوام سے ظلم ہو گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رکن اسمبلی معین وٹو کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ریلوے کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزارت ریلوے حکام نے محکمانہ کارکردگی پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ رواں برس پاکستان ریلوے کی گاڑیوں کی منزل پر بروقت پہنچنے کی شرح 72 فیصد ہے۔ ریلوے میں ٹریکنگ سسٹم آزمائشی بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے۔ پاکستانی ریل گاڑیوں کے پرزے عالمی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزارت ریلوے میں پابندی وقت کی شرح کم ہوتی جا رہی ہے۔

وزارت ریلوے کی جانب سے10 ہزار نوکریوں کا اعلان بربادی ہے۔ ریلوے میں نئی بھرتیوں سے تباہی مچ جائے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت کیوں ریلوے کے کرائے بڑھانے جا رہی ہے؟ غیر ضروری بھرتیاں نہ کی جائیں، صرف ٹیکنیکل لوگ بھرتی کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں مستقل کے بجائے عارضی بنیادوں پر بھرتیاں کی جائیں۔ وزارت ریلوے میں بھرتیاں سی پیک کو مدنظر رکھ کر نہیں کی جا رہیں۔

ایم ایل ون منصوبہ 5 نہیں 7 سال میں مکمل ہو گا۔ ملازمین بھرتی کیے گئے تو یہ 30 سال کیلئے حکومت پر بوجھ بنیں گے۔ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کے کرایوں میں مزید اضافہ غریب عوام سے ظلم ہو گا۔ سعد رفیق نے کہا کہ وزارت ریلوے کے سی آر آپریشن سے متعلق سپریم کورٹ میں ریویو پٹیشن دائر کرے۔ رمضان المبارک میں آپریشن کر کے لوگوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے۔ وفاقی سیکرٹری ریلوےنے کمیٹی کو بتایا کہ ریلوے میں بھرتیوں پر فی الوقت عملدرآمد روکا ہوا ہے۔