بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے مختلف کارروائیوں کے دوران قبضے میں لی گئیں جعلی ،مضر صحت و زائد المعیاد اشیاء خورد و نوش اورپان پراگ کی بڑی مقدار کو تلف کردیا

پیر 20 مئی 2019 21:03

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے مختلف کارروائیوں کے دوران قبضے میں لی گئیں جعلی ،مضر صحت و زائد المعیاد اشیاء خورد و نوش اورپان پراگ کی بڑی مقدار کو تلف کردیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز ندا کاظمی نے جعلی فوڈ کمپنیوںاور دکانداروں کو خبر دار کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن اورڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو فروخت ہونے والی زائد المعیاد اور مضر صحت اشیاء خورد و نوش کی فروخت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف اتھارٹی کی جانب سے بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ تلف کردہ مضرصحت اشیاء خوردو نوش کی برآمد گی پر مذکورہ ڈیپارٹمنٹل اسٹور کو ایک لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز کی سر براہی میں شہر کے مختلف علاقوں میں واقع متعدد ڈیپارٹمنٹل اسٹور ز میں اشیاء خورد و نوش کے معیار کا جائزہ لیا اورصفائی کی ناقص صورتحال کی بناء پر اسٹورز مالکان کو وارننگ جاری کی گئیں جبکہ مذکورہ اسٹورز سے غیر معیاری اور زائد المعیاد اشیاء خورد و نوش بھی قبضے میں لی گئیں۔ علاوہ ازیں اسٹورز مالکان و انتظامیہ کو صفائی کی بہتر صورتحال کو یقینی بنانے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء خورد و نوش کی فروخت کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ۔