مخصوص سرکاری ملازمین کو عید الفطر پر دگنی تنخواہیں دینے کا اعلان

پنجاب حکومت نے وزیراعلی سیکرٹریٹ کے سکیورٹی اہلکاروں کو عید پر دگنی تنخواہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

muhammad ali محمد علی پیر 20 مئی 2019 20:11

مخصوص سرکاری ملازمین کو عید الفطر پر دگنی تنخواہیں دینے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2019ء) مخصوص سرکاری ملازمین کو عید الفطر پر دگنی تنخواہیں دینے کا اعلان، پنجاب حکومت نے  وزیراعلی سیکرٹریٹ کے سکیورٹی اہلکاروں کو عید پر دگنی تنخواہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مخصوص سرکاری ملازمین کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سئ عید الفطر کی آمد پر شاندار اعلان کیا گیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب سیکرٹریٹ کے سکیورٹی اہلکاروں کو عید پر دگنی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جن سکیورٹی اہلکاروں کو دگنی تنخواہ ملے گی ان میں وزیراعلیٰ پنجاب اور سی ایم ہاؤس کی سکیورٹی پر مامور اہلکار شامل ہیں۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عید کے موقع پر 1212 اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کے برابر عیدی ملے گی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی سکیورٹی سمیت 877 اہلکاروں جبکہ ایس ایس پی سپیشل برانچ سمیت 4 اہلکار بھی دگنی تنخواہ لیں گے۔ اسی طرح ایس پی سی ایم سکیورٹی، وی آئی پی سپیشل برانچ سمیت 136 اہلکار بھی دگنی تنخواہ پائیں گے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹرسپیشل برانچ سمیت 26 اہلکاروں سمیت وزیر اعلیٰ آفس چیف سکیورٹی افسر سمیت 169 ملازمین بھی مستفید ہوں گے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی آئندہ مالی سال 2019-20ء کے بجٹ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 275 سے 278 ارب تجویز کئے گئے ہیں۔بجٹ میں چالیس فیصد بجٹ تعلیم ،صحت اور صاف پانی کی مد میں تجویز کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق بجٹ جون کے دوسرے ہفتہ پیش کئے جانے کا امکان ہے ۔