امریکاکا مشرق وسطی امن منصوبے کے اقتصادی پہلووں کو اجاگر کرنے کے لئے آئندہ ماہ بحرین میں کانفرنس منعقد کرانے کا اعلان

پیر 20 مئی 2019 21:09

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2019ء) امریکا نے اپنے مشرق وسطی امن منصوبے کے اقتصادی پہلووں کو اجاگر کرنے کے لئے آئندہ ماہ بحرین میں ایک کانفرنس منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے جس میں اسے بحرین کی حکومت کا تعاون بھی حاصل ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 25 اور 26 جون کو منامہ میں ہونے والی کانفرس میں سول سوسائٹی اور بزنس لیڈرز بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

دنوں ممالک کی حکومتوں کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس مجوزہ امریکی امن معاہدے کے تحت فلسطینیوں کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے منصوبوں اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرے گی۔اس موقع پر مشرق وسطی میں قیام امن بارے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا منصوبہ بھی پیش کیا جائے گا تاہم فلسطینی اس امریکی امن منصوبے کو صرف اسرائیل کے حق میں قرار دیتے ہوئے پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔یہ منصوبہ تیار کرنے والوں میں نمایاں ترین نام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کا ہے۔