نوازشریف کی طبی بنیادوں پر دوبارہ ضمانت کی درخواست دائر

تناؤ کی کیفیت نوازشریف کی جان کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے، درخواست میں موقف

پیر 20 مئی 2019 21:37

نوازشریف کی طبی بنیادوں پر دوبارہ ضمانت کی درخواست دائر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2019ء) سابق وزیراعظم نوازشریف نے ایک بار پھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست دائر کر دی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں چیئرمین نیب، سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت اور احتساب عدالت کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ رپورٹس میں ڈاکٹروں کی رائے ہے کہ نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے، تناؤ کی کیفیت نوازشریف کی جان کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے لہذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ یاد رہے سپریم کورٹ نے نواز شریف کی سزا معطلی اور ضمانت میں توسیع کیلئے نظرثانی درخواست مسترد کر دی تھی۔واضح رہے 8 ستمبر 2017 کو نواز شریف اور ان کے بچوں کیخلاف العزیزیہ، فلیگ شپ، ایون فیلڈ ریفرنسز دائر ہوئے، 19 اکتوبر 2017 کو العزیزیہ اور 20 اکتوبر کو فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف پر فرد جرم عائد ہوئی۔

(جاری ہے)

ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7، محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا ہوئی۔ستمبر 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں تینوں کی سزاؤں کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کر دیا تھا۔ 24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا ہوئی، عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کیا تھا۔