فیصل آباد،چھ پولیس اہلکاروں سمیت بارہ افراد کے قتل میں ملوث خطرناک دہشت گرد آزاد کشمیر میں فیصل آباد پولیس اور حساس اداروں کے مشترکہ آپریشن میں مقابلہ کے بعد پکڑا گیا

پیر 20 مئی 2019 21:54

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2019ء) چھ پولیس اہلکاروں سمیت بارہ افراد کے قتل میں ملوث خطرناک دہشت گرد آزاد کشمیر میں فیصل آباد پولیس اور حساس اداروں کے مشترکہ آپریشن میں مقابلہ کے بعد پکڑا گیا، حساس ادارے اور فیصل آباد پولیس کی ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر آزاد کشمیر کے علاقہ کوٹلی میں چھاپہ مار کر حافظ سلمان رندھاوا کو گرفتار کیا ، گرفتاری کے وقت دہشتگرد سویا ہوا تھا ، حساس ادارے نے اس کی موبائل کال سے اسے ٹریس کیا ، گرفتار ہونیوالے اشتہاری و دہشت گرد حافظ سلمان رندھاوا کے سر کی قیمت حکومت نے بیس لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی ، گرفتار ہونیوالے اشتہاری کے قبضہ سے دو پسٹل بھی برآمد کئے گئے جبکہ اس کے ایک ساتھی کوبھی حراست میں لئے جانے کی اطلاعات ہیں ، اشتہاری و دہشتگرد حافظ سلمان رندھاوا کی آبائی رہائشگاہ رضا آباد ، بازار نمبر دو میں ہے اوروہ عرصہ دراز سے گھر سے مفرور تھا ، اشتہاری حافظ سلمان رندھاوا کو چند سال قبل تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ سے ایس ایچ او انسپکٹر رانا آصف نے بارود سے بھری گاڑی سمیت پکڑا تھا لیکن ایک لیگی ایم پی اے کی سفارش پر اسے چھوڑ دیا گیا تھا ، حافظ سلمان رندھاوانے لاری اڈا کے علاقہ میں ایس ایچ او مدینہ ٹائون مہر ندیم انجم اور اسکے گن مین شہزاد کو شہید کیا تھا ، چھ پولیس افسران اور اہلکاروں سمیت بارہ افراد کے قتل میںملوث اشتہاری و دہشت گرد حافظ سلمان رندھاواخوف اور دہشت کی علامت بن چکا تھا اور متعدد بار پولیس کے گھیرے میں آنے کے باوجود وہ گرفتاری سے بچ نکلتا تھا ، حافظ سلمان رندھاواکو حراست میں لیکر فیصل آباد میں نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں تاہم پولیس کی طرف سے تمام معاملات انتہائی خفیہ رکھے جارہے ہیں ۔