کراچی:آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیرصدارت اجلاس

کراچی میں امن وامان کے مجموعی حالات اور جرائم کی صورتحال کا مختلف حوالوں سے جائزہ لیا گیا اور مزید احکامات دیئے گئے

پیر 20 مئی 2019 22:29

کراچی:آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیرصدارت اجلاس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2019ء) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں کراچی میں امن وامان کے مجموعی حالات اور جرائم کی صورتحال کا مختلف حوالوں سے جائزہ لیا گیا اور مزید احکامات دیئے گئے ۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیر شیخ نے دوران بریفنگ بتایا کہ پولیس کی مجموعی حکمت عملی پرعمل درآمد اورٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنے پرگذشتہ سال کی نسبت امسال جرائم کی شرح میں نسبتاً کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مختلف اضلاع میں تھانہ جات کی سطح پرموٹرسائیکل لفٹنگ،موبائل فونزاور نقدی وغیرہ چھیننے کے ممکنہ واقعات کی روک تھام کے جملہ اقدامات کوباہم روابط کے تحت یقینی بنایاجارہا ہے۔اس موقع پراجلاس میں شریک ڈی آئی جیز ویسٹ،ساؤتھ اور ایسٹ نے بھی متعلقہ زونز میں انسدادجرائم اقدامات اورامن وامان کے حالات پرکنٹرول کے حوالے سے پولیس ترجیحات کا باالترتیب احاطہ کیا۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ جھوٹی اورغلط ایف آئی آرز کا اندراج کرانیوالے عناصر کیخلاف182اور211 کے استغاثہ کے تحت کریک ڈاؤن کو مزید مربوط اور مؤثربنایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ کیس ڈی ٹیکشن کے ساتھ ساتھ تفتیش کے جملہ امور واقدامات کو مزیدٹھوس اور نتیجہ خیزبنانے پر خصوصی فوکس رکھا جائے تاکہ گرفتار ملزمان کومتعلقہ عدالتوں سے مثالی سزاؤں کے عمل کی شرح کو مزید بڑھایا جاسکے۔

جس سے بلاشبہ جرائم میں ملوث عناصر گروہوں اور انکے سرپرستوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔آئی جی سندھ نے کہا کہ موٹرسائیکل تیار کرنیوالی کمپنیز کے مالکان سے شیڈول اجلاس ترتیب دیکر مارکیٹ میں آنیوالی نئی موٹرسائیکلوں میں ٹریکر کی تنصیب،ابتدائی طبی امداد کٹ کی موجودگی اور انشورنس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل خریدارکو ہیلمٹ کی فراہمی جیسے اقدامات کو بھی ممکن بنایا جائے ۔

انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایات دیں کہ اے سی ایل سی میں علیحدہٰ سے اینٹی موٹرسائیکل لفٹنگ یونٹ کے قیام کے حوالے سے تمام ترعملی اقدامات پر مشتمل سفارشات/تجاویز تیار کرکے برائے ملاحظہ ومزید ضروری اقدامات ارسال کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام کے دوسرے عشرے کے دوران اسنیپ چیکنگ،موبائل/موٹر سائیکل گشت سمیت انسداد اسٹریٹ کرائمز ٹیموں کو مزید متحرک اور الرٹ کیا جائے جبکہ شہر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں میں سیکیورٹی اقدامات کو جملہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران/نمائندگان سے باقاعدہ روابط کے تحت مزید سخت اورغیرمعمولی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے ۔

اجلاس میں ہیڈکوارٹرز سندھ،فائنانس،انویسٹی گیشن،سی ٹی ڈی،ٹریننگ ،ٹی اینڈٹی/آئی ٹی، اسٹیبلشمنٹ،اسپیشل برانچ،آپریشنز کے ڈی آئی جیز سمیت اے آئی جیز آپریشنزاورایڈمن نے بھی شرکت کی۔#