Live Updates

دو روز بعد بھارتی انتخابات کے نتائج آنا شروع ہو جائیں گے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

انٹرنیشنل کمیونٹی نے وعدہ کیا ہواہے کہ وہ بھارت میں نئی حکومت آنے کے بعد مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاک ، بھارت مذاکرات شروع کرائے گی۔ لیکن اگر مودی الیکشن جیتتا ہے تو اسکے عزائم انتہائی جارحانہ اور توسیع پسندانہ ہیں ، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

پیر 20 مئی 2019 22:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2019ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ دو روز بعد بھارتی انتخابات کے نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔ جس طرح انٹرنیشنل کمیونٹی نے وعدہ کیا ہواہے کہ وہ بھارت میں نئی حکومت آنے کے بعد مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاک ، بھارت مذاکرات شروع کرائے گی۔

لیکن اگر مودی الیکشن جیتتا ہے تو اسکے عزائم انتہائی جارحانہ اور توسیع پسندانہ ہیں ۔ میں آج یہاں روالپنڈی پریس کلب سے اعلان کرتا ہوں کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور بربریت بند نہ ہوئی تو میں مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرونگا۔ لہذا اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

ستر سال گزرنے کے با وجود بھی کشمیر پر اقوامتحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کرایا جا سکا۔

جبکہ آج یہاں راولپنڈی پریس کلب میں اتنی بڑی تعداد میں کشمیر ی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں اور گذشتہ روز جب ہم سارے کشمیر ی راولپنڈی پریس کلب میں جمع تھے تو اسلام آباد میں پاکستان کی اپوزیشن کے سارے چور اور ڈاکو عمران خان کی حکومت کے خلاف عوامی عہدوں کے نام پر جمع تھے۔ لیکن ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہم کسی صورت پاکستان کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔

تاکہ وہ آئندہ بھی بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیریوں کے حق کے لئے بات کریں ۔آزاد کشمیر میں مسلم لیگ کی حکومت آپس میں گھتم گتھا ہے اور آزاد کشمیر میں الیکشن کا بگل کسی بھی وقت بج سکتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جس طرح آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے کارکن اکھٹے ہوئے ہیں راولپنڈی اسلام آباد کی آزاد کشمیر اسمبلی کی تینوں سیٹیں پی ٹی آئی کشمیر بھاری اکثریت سے جیتے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں راولپنڈی پریس کلب میں پی ٹی آئی کشمیر سے ویلی 4 کے امیدوار اسمبلی سید اشتیاق بخاری کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر ایک بڑے جلسہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر افطار ڈنر سے ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق، راولپنڈی ڈویلپمنٹ کے چئیرمین عارف عباسی، پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری جنرل دیوان غلام محی الدین ،پی ٹی آئی کشمیرکے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق احمد، پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان، سید اشتیاق بخاری، ساجد جاوید عباسی، سید رشید شاہ، سردار سفیر عالم،عثمان حیات عباسی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

شدید آندھی اور بارش کے باوجود بھی بھرپور تعداد میں لوگوں نے افطار ڈنر میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنایا۔اس موقع پر خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جن میں پی ٹی آئی کشمیر اسلام آباد کی سابق صدر خولہ خان، ناہید ایوب راجہ ایڈووکیٹ، گلشن منہاس، سیمی شیرازی، رشید بخاری، رابعہ خان، شمائلہ حیدر اور دیگر بھی موجودتھیں۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پی ٹی آئی کشمیر کے کارکن اپنی صفوں کو مضبوط کرتے ہوئے متحد ہو جائیں تاکہ پی ٹی آئی کشمیر بھاری اکثریت سے آئندہ انتخابات جیت کر حکومت بنا سکے۔ ***
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات