پارلیمنٹ کے ہوتے سڑکوں کے رخ کیوں کیے جارہے ہیں :خرم نواز گنڈاپور

نواز شریف 5دن بھی جیل میں نہیں گزارتے اور ضمانت کی درخواست دائر کر ہو جاتی ہے ،ہم انصاف کے لیے اسلام آباد گئے تو جمہوریت کے خلاف سازش کے طعنے دئیے گئے،نواز شریف کو موٹروے بنانے پر نہیں اثاثے چھپانے اور جھوٹ بولنے پر سزا ہوئی ، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

پیر 20 مئی 2019 22:58

پارلیمنٹ کے ہوتے سڑکوں کے رخ کیوں کیے جارہے ہیں :خرم نواز گنڈاپور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے ہوتے سڑکوں کے رخ کیوں کیے جارہے ہیں احتجاجی تحریکوں کے اعلان کرنے والے پہلے کرپشن اور قتل عام کے کیسز میں بے گناہی ثابت کریں، نواز شریف کو موٹروبنانے پر نہیں اثاثے چھپانے اور جھوٹ بولنے پر سزا ہوئی،ماڈل ٹائون جے آئی ٹی کی کارروائی بحال کروانے کی درخواست پر فی الحال صرف تاریخیں مل رہی ہیں، احتجاج کے لیے اعلانات کرنے والوں کی اکثریت کے خلاف کرپشن اور قتل و غارت گری کے حوالے سے سنگین مقدمات درج ہیں، اپوزیشن رہنما پولیٹیکل انجینئرنگ ثابت ہونے پر عہدے چھوڑ دینے کے حوالے سے چیئرمین نیب کے چیلنج کو قبول کرے، خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ ہماری ساری توجہ سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو سزا دلوانے پر ہے، اگر ہمیں عدلیہ سے انصاف نہ ملا تو ہم سمجھیں گے کہ انصاف صرف طاقتوروں کے لیے ہے مظلوموں کے لیے نہیں، 5سال کی جدوجہد کے بعد غیر جانبدار تفتیش کا حق ملا تھا، اس کا بھی نوٹیفکیشن معطل کروادیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر امیر ترین طاقتور مراعات یافتہ مجرم نواز شریف کو چھوڑنا ہے تو پھر جیلوں میں بند مرغی چوروں اورجیب کتروں کو بھی چھوڑ دیا جائے ۔ نواز شریف 5دن بھی جیل میں نہیں گزارتے اور ضمانت کی درخواست دائر کر دی جاتی ہے اور یہ درخواستیں بلاتاخیر سماعت کے لیے مقرر بھی ہو جاتی ہیں۔سانحہ ماڈل ٹائون کا نوٹیفکیشن معطل کیے جانے کے حوالے سے شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کی دائر اپیل پر فی الحال تاریخیں مل رہی ہیں۔