Live Updates

بالاکوٹ پولیس نے رمضان المبارک میں امن و امان کے صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی پلان تشکیل دیدیا

پیر 20 مئی 2019 23:09

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) بالاکوٹ پولیس نے رمضان المبارک میں امن و امان کے صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی پلان تشکیل دیدیا، شہر بھر کے مختلف مقامات پر پولیس موبائل ٹیمیں اور درجنوں سپیشل رائیڈرز ہمہ وقت گشت کر رہے ہیں۔ بالاکوٹ پولیس کے سیکورٹی پلان کے مطابق ماہ صیام میں بالاکوٹ پولیس کے نوجوان پولیس اہلکار مساجد، گنجان آباد مقامات، بازاروں اور دیگر حساس مقامات پر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

سحر و افطار کے اوقات میں پیدل اور سپیشل موبائل سکواڈز کی ایس ایچ او بالاکوٹ سید تصویر حسین شاہ خود نگرانی کر رہے ہیں، اسی طرح نماز تراویح کیلئے مساجد کی سیکورٹی الرٹ کرتے ہوئے پولیس اہلکار تعینات کر رکھے ہیں جبکہ عید الفطر کی خریداری کے موقع پر بالاکوٹ کے مختلف بازاروں میں سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بازاروں میں خریداروں اور تاجروں کی حفاظت کے پیش نظر شہر میں پیدل گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، عوام کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر بالاکوٹ شہر کے مختلف مقامات پر سناپ چیکنگ کے ساتھ ساتھ تمام داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔

اسی طرح بالاکوٹ کے تمام انٹری پوائنٹس پر آنے والی پبلک اور پرائیویٹ گاڑیوں کی چیکنگ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیاں سخت کر دی گئی ہیں۔ بازاروں، مارکیٹوں اور پبلک مقامات کی سخت نگرانی کے ساتھ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور شہر میں قانون کرایہ داری کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے اور کرایہ پر رہنے والوں کی متعلقہ پولیس سٹیشن میں رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے سخت احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات