حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو عوام اور پارلیمنٹ سے مسلسل چھپا رہی ہے،رضا ربانی

آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرامد کے تحت ڈالر کو اوپن مارکیٹ کے رحم کو کرم پر چھوڑ دیا گیا ،گیس پیٹرول اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر دیا جائے گا ، سابق چیئر مین سینٹ

پیر 20 مئی 2019 23:09

حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو عوام اور پارلیمنٹ سے مسلسل چھپا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہاہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو عوام اور پارلیمنٹ سے مسلسل چھپا رہی ہے،آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرامد کے تحت ڈالر کو اوپن مارکیٹ کے رحم کو کرم پر چھوڑ دیا گیا ،گیس پیٹرول اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر دیا جائے گا ۔ پیر کو ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ وقت کے ساتھ معاہدے کی خفیہ شرائط سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف نے پاکستان سے کہا ہے کہ چین ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے یقین دہانی لی جائے کہ وہ آیندہ مالی سال میں ادا کئے جانے والے قرضے کی مدت میں توسیع کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف نے پہلے کبھی کسی بھی ملک سے اس شرط پر عملدرآمد کرنے نہیں کہا تاہم پاکستان کے معاملے میں ائی ایم ایف کی یہ شرط شامل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف چین ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت سے تو قرضے کی واپسی کی مدت میں توسیع چاہتا ہے تاہم آئی ایم ایف خود پاکستان کے ساتھ قرضوں کی واپسی کی مدت میں اضافہ کرنے کو تیار نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرامد کے تحت ڈالر کو اوپن مارکیٹ کے رحم کو کرم پر چھوڑ دیا گیا ،گیس پیٹرول اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر دیا جائے گا ۔

انہوںنے کہاکہ باعث تمسخر ہے کہ حکومت نے کم آمدن والے گیس صارفین کے لیے بلوں میں اضافے اور صنعت کار اور سرمایہ داروں کے لئے نرخوں میں کمی تجویز کی ہے ،یہ وہ معاشی قیمت ہے جو پاکستان کو ادا کرنا ہو گی تاہم سیاسی قیمتی کے حوالے سے بات نہیں کی جا رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی قیمت کے طور پر قومی سیکیورٹی ، قومی ترجیحات ، اور صوبائی خودمختاری پر سمجھوتے کرنے پر حکومت نے اتفاق کر لیا ہے یا مجبوراً اتفاق کر لے گئی۔