Live Updates

اپوزیشن جماعتوں کے گٹھ جوڑ کی وجہ وزیراعظم عمران خان دشمنی ہے ، اپوزیشن جماعتیں سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے ملک میں عدم استحکام لانا چاہتی ہیں، مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو نہیں بلکہ نوٹ کو عزت دو ہے، نوٹ کا ان کے ساتھ وجود خطرے میں ہے کیونکہ نیب نے جعلی بینک اکائونٹس ہولڈرز کے گرد گھیرا تنگ کیا ہوا ہے ،پاکستانی تارکین وطن وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں،وزیراعظم عمران خان کے عزم اور حوصلے سے نئے آبی ذخائر کی تعمیر کا خواب حقیقت کا روپ دھارے گا

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے فنڈ ریزنگ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت

پیر 20 مئی 2019 23:55

اپوزیشن جماعتوں کے گٹھ جوڑ کی وجہ وزیراعظم عمران خان دشمنی ہے ، اپوزیشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے گٹھ جوڑ کی وجہ وزیراعظم عمران خان دشمنی ہے اور وہ سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے ملک میں عدم استحکام لانا چاہتی ہیں، مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو نہیں بلکہ نوٹ کو عزت دو ہے، نوٹ کا ان کے ساتھ وجود خطرے میں ہے ، نیب نے جعلی بینک اکائونٹس ہولڈرز کے گرد گھیرا تنگ کیا ہوا ہے ،پاکستانی تارکین وطن وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں،وزیراعظم عمران خان کے عزم اور حوصلے سے نئے آبی ذخائر کی تعمیر کا خواب حقیقت کا روپ دھارے گا۔

وہ پیر کو یہاں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے فنڈ ریزنگ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات اور بنیادی فلسفہ کے تحت افطار ڈنر کا وقت اللہ تعالی سے اس کی رحمتیں مانگنے اور یہ عوامی حقوق کا خیال رکھنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا افطار ڈنر اللہ سے دعائیں مانگنے کے لئے نہیں تھا بلکہ وہ عمران خان دشمنی میں اکٹھے ہوئے اور ملک میں عدم استحکام کی حکمت عملی بنانے کے لئے جمع ہوئے۔

دراصل اپوزیشن رہنما افطار ڈنر کا نام استعمال کر کے عمران خان کی دشمنی اور حسد میں جمع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جو ایک مذہبی دانشور ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ مذہب اور سیاست کو گڈ مڈ کر رہے ہیں اور مخالفانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہیں، وہ 1988ء کے بعد پہلی بار اسبملی میں موجود نہیں ہیں، انہیں پاکستان کے قومی مفادات سے کوئی غرض نہیں اور نہ ہی پاکستان کے عوام سے کوئی غرض ہے تاہم حکومت میں نہ ہونا ان کے لئے مسئلہ ہے۔

مریم نواز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عدالت سے سزا یافتہ خاتون پارلیمنٹ ہائوس میں اجلاس کی صدارت کر رہی ہے، وہ لوگ جو پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کر رہے ہیں انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں اجلاس منعقد کیا تاکہ ایک سزا یافتہ خاتون اس کی راہداریوں پر آ سکے، یہ اقدام عدلیہ کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تاہم حیرت انگیز بات یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اس بیانیے کے حوالے سے واضح نہیں ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل ہوتا رہتا ہے، یہ اقدام ظاہر کرتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے لیڈر اپنے سیاسی مقاصد کے حصول اور ملک کو کمزور کرنے کے لئے کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اپنے بیانیے کے ساتھ بیرون ملک بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ ان کا بھائی اپنے بیانیے کے ساتھ جیل میں ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو نہیں بلکہ نوٹ کو عزت دو ہے، نوٹ کا ان کے ساتھ وجود خطرے میں ہے کیونکہ نیب نے جعلی بینک اکائونٹس ہولڈرز کے گرد گھیرا تنگ کیا ہوا ہے، جعلی بینک اکائونٹس ظاہر کرتے ہیں کہ اپوزیشن کو صرف نوٹ کی عزت کا خیال ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) وزیراعظم کو عزت نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر بات چیت کرتے ہوئے چند تجاویز دیں، حکومت دیگر رہنمائوں کی مشاورت سے عوام اور ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکلات کو کم کرنے کے لئے ان تجاویز پر عملدرآمد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن ملک میں پانی کی کمی کو دور کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا بڑا مسئلہ پانی کی قلت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے حقیقی تاثر کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی تارکین وطن کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں، وہ ہمیشہ انہیں استحکام کا ذریعہ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سے 70 سالہ پرانا سٹیٹس کو کا نظام بدلنے کے لئے کوشاں ہیں، ہمیں توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے عزم اور حوصلے سے نئے آبی ذخائر کی تعمیر کا خواب حقیقت کا روپ دھارے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات