مسلم لیگ ن انتشار کا شکار ہو گئی

مسلم لیگ ن کے سندھ اور بلوچستان کے رہنماؤں نے قیادت سے گلے شکوے شروع کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 مئی 2019 11:16

مسلم لیگ ن انتشار کا شکار ہو گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2019ء) : پاکستان مسلم لیگ ن اندرونی طور پر انتشار کا شکار ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے قیادت سے دل کھول کر گلے شکوے کیے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سردار یعقوب ناصر اور شاہ محمد شاہ نے مریم نواز سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

لیگی ارکان نے کہا کہ آپ نے تنظیم سازی میں بہت تاخیر کر دی ہے۔ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ لے کر پہلے نکلنا چاہئیے تھا۔ سر دار یعقوب ناصر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پارٹی کو تقسیم کردیا گیا ، پارٹی کو منظم نہ کیا تو آئندہ سیاسی محاذ پر لڑنا مشکل ہوگا۔ شاہ محمد شاہ نے کہاکہ سندھ پر مسلم لیگ ن کی توجہ کم ہے ، لہٰذا اس معاملے میں قیادت کو چاہئیے کہ توجہ مزید بڑھائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اسے سے قبل بھی ایک خبر سامنے آئی تھی کہ مسلم لیگ ن میں ایک اور ن لیگ کی تیاریاں ہو رہی ہیں جبکہ سینئیر سیاستدان چودھری نثار علی خان بھی متحرک ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے حال ہی میں اپنے تنظیمی ڈھانچے میں کچھ تبدیلیاں کیں، ایسے میں وہ پارٹی رہنما جنہیں عہدے نہیں دئے گئے اور ایسے رہنما جنہوں نے کبھی بھی مریم نواز اور عہدے پانے والے دیگر رہنماؤں کو پارٹی قیادت کی صورت میں قبول نہیں کیا تھا، وہ ناراض ہیں اور ان سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن تنظیم نو کے حوالے سے مزید گروہ بندی کا شکار ہو چکی ہے۔ اویس لغاری کو جنرل سیکرٹری پنجاب لگانے پر لیگی رہنما ناخوش ہیں ۔ دوسری جانب عید کے بعد تمام اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف احتجاج کرنے اور تحریک لانے کا اعلان کر رکھا ہے لیکن مسلم لیگ ن اپنی کمزور اسٹیٹ پاور کی وجہ سے خوفزدہ ہو گئی ہے۔ کسی شرمندگی سے بچنے کے لیے مسلم لیگ ن نے پہلے مرحلے میں احتجاجی تحریک سے قبل جلسوں کی صورت میں ریہرسل احتجاج کرنے کے آپشن پر غور شروع کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت مخالف تحریک کا دارومدار بھی کامیاب ریہرسل احتجاج پر ہوگا ۔