Live Updates

وفاقی کابینہ نے 'کامیاب نوجوان پروگرام' کی منظوری دے دی

نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے مشن میں یہ اہم کامیابی،کامیاب نوجوان پروگرام کے لیے 100 ارب روپے مختص کر دئیے گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 مئی 2019 13:24

وفاقی کابینہ نے 'کامیاب نوجوان پروگرام' کی منظوری دے دی
اسلام آباد ر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2019) : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے "کامیاب نوجوان" پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے یہ بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے بعد کابینہ نے بھی کامیاب نوجوان پروگرام کی توثیق کر دی ہے۔نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے مشن میں یہ اہم کامیابی ہے۔مشکل معاشی حالات کے باوجود بھی کامیاب نوجوان پروگرام کے لیے 100 ارب روپے مختص کر دئیے گئے ہیں۔ کابینہ سے خطیر رقم کی منظوری نوجوانوں کی بڑی کامیابی ہے۔آٹھ ماہ کی انتھک محنت کے بعد جامع پروگرام تشکیل دیا گیا۔

(جاری ہے)

دس لاکھ نوجوان اس پروگرام سے مستفید ہوں گے،اسلامتی ترقیاتی بینک نےپاکستان کے ''کامیاب نوجوان پروگرام'' میں شراکت دار بننے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس حوالے سے اسلامی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطح وفد کی اسلام آباد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے وفد کو نوجوانوں سے متعلق مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔

بینک کے وفد نے ''کامیاب نوجوان پروگرام '' میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود میں پاکستان کا شراکت دار بننے کا فیصلہ کیا۔ بینک حکام کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کے اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان سے اشتراک اور تعاون پر تیار ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وزیر اعظم جلد ''کامیاب جوان پروگرام'' کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت حکومت پاکستان خطیر رقم نوجوانوں پر خرچ کرے گی۔ یاد رہے کہ فروری میں ملک کے تعلیم یافتہ اور قابل نوجوانوں کے لیے وفاقی حکومت نے ''کامیاب جوان'' پروگرام فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وفاقی حکومت نے ''کامیاب جوان'' پروگرام فوری طور پر شروع کرنے اور پروگرام کے لئے 200 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وفاقی حکومت کے اس منصوبے سے 10 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنانے میں مدد ملے گی جبکہ اسٹیٹ بینک کی معاونت سے مائیکرو اینڈ اسمال فنانسنگ حکمت عملی طے کرلی گئی تھی حکومت پاکستان کے اس منصوبے میں اقوام متحدہ کے بعد دولت مشترکہ نے بھی تعاون کا اعلان کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات