آصف علی زرداری کا چیئرمین نیب کے خلاف قانونی کاروائی کا اعلان

بغیرثبوت بینکرز کو ہتھکڑیاں لگانے اور جیلوں میں ڈالنے سے معیشت نہیں چل سکتی. سابق صدر کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 21 مئی 2019 13:26

آصف علی زرداری کا چیئرمین نیب کے خلاف قانونی کاروائی کا اعلان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 مئی۔2019ء) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کا عہدہ میڈیا کو انٹرویوزکی اجازت نہیں دیتا اگرانہوں نے انٹرویو دیا تو ہم ان کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے‘ بغیرثبوت بینکرز کو ہتھکڑیاں لگانے اور جیلوں میں ڈالنے سے معیشت نہیں چل سکتی. تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے چیئرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال کیخلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا چیئرمین نیب کا عہدہ ان کو انٹرویو دینے کی اجازت نہیں دیتا ، انھوں نے انٹرویو دے کر قوانین کی خلاف ورزی کی ، چیئرمین نیب کے خلاف کارروائی کریں گے.

(جاری ہے)

آصف زرداری نے کہا کہ 80سال کے بوڑھوں کوعدالت میں لایاجارہاہے، جرم ثابت نہیں ہوا لیکن ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا جا رہا ہے، بغیر ثبوت بینکرز کو ہتھکڑیاں لگانے اور جیلوں میں ڈالنے سے معیشت نہیں چل سکتی. نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی، لوگوں کے پہلے امیر بناﺅ پھر ٹیکس لگاﺅ، ماضی کی اور موجودہ ایمنسٹی اسکیم میں کوئی فرق نہیں. آصف زرداری نے کہا کہ ہم نیب کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ اسے تھکائیں گے‘لوگوں کو ہتھکڑیاں بھی لگاﺅ، جیلوں میں بھی ڈالو اور پھر کہتے ہیں معیشت بھی چلاﺅ قانون کہتا ہے کہ جرم ثابت ہونے تک ملزم عدالت کا پسندیدہ بچہ ہوتا ہے، ابھی تو مجرم کوئی نہیں، ابھی تو کسی کے خلاف جرم ثابت ہی نہیں ہوا، ابھی تو یہ سوچ ہی رہے ہیں.

چیئرمین نیب کے انٹرویو کے حوالے سے آصف زرداری نے کہا کہ چیئرمین نیب کو انٹرویو دینے کا حق نہیں، ان کا عہدہ انہیں انٹرویو دینے کی اجازت نہیں دیتا، اگر انہوں نےانٹرویو دیا ہے تو قانونی کارروائی کریں گے. صحافی نے سوال کیا کہ 9 ماہ میں اپوزیشن کا اتحاد مضبوط نہیں ہوا کیا اب ایسا ہوگا ، جس پر آصف زرداری نے کہا کہ 9 ماہ میں ہم نے ایسا سوچا ہی نہیں تھا.

مریم نواز کی جانب سے وزیر اعظم کو جعلی قرار دیئے جانے کے بیان سے متعلق سوال پر سابق صدر مملکت نے کہا کہ میں نے تو شروع سے ہی کہا یہ سلیکٹڈ وزیر اعظم ہے. صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ نیب کیسز میں شرکت سے بائیکاٹ پر غور کر رہے ہیں؟ جس پر آصف زرداری نے کہا کہ ہم نیب کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ نیب کو تھکائیں گے، بائیکاٹ کریں گے تونیب کہے گا کہ ہماری عزت نہیں کررہے اور قانون کا احترام نہیں کیا جا رہا.

اس سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے جعلی اکاﺅنٹس کیس پر سماعت کی، سماعت کے دوران آصف زرداری اور فریال تالپور کو ریفرنس کی نقول فراہم نہ کی جاسکیں‘ جس پر عدالت نے کارروائی 30 مئی تک ملتوی کر دی. دوسری جانب آصف زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک اور درخواست ضمانت قبل از گرفتاری بھی دائر کی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ اگر چیئرمین نیب نے انٹرویو دیا ہے تو ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے، اس لئے عدالت نیب کو گرفتاری سے روکے اور ان کی ضمانت منظور کی جائے.