معاشی دہشت گردی اور قتل و غارت کی دھمکیوں سے ایران کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا‘جواد ظریف

ایران تمام ظالموں کے خلاف ہزار سالوں سے کھڑا ہے جبکہ تمام ظلم کرنے والے ختم ہوچکے ہیں‘وزیر خارجہ

منگل 21 مئی 2019 14:10

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ معاشی دہشت گردی اور قتل و غارت کی دھمکیوں سے ایران کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا۔ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے جواد ظریف نے کہا کہ ٹیم بی کی جانب سے اکسائے جانے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو امید ہے کہ جو الیگزینڈر اور چنگیز خان سمیت دیگر ظالم حکمراں حاصل کرنے میں ناکام رہے، وہ اسے حاصل کر لیں گے، ایران تمام ظالموں کے خلاف ہزار سالوں سے کھڑا ہے جبکہ تمام ظلم کرنے والے ختم ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی دہشت گردی اور قتل و غارت کی دھمکیوں سے ایران کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے خبردار کیا کہ کبھی کسی ایرانی کو دھمکی نہیں دینا بلکہ عزت دینا، یہ کام کرتی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ایران کو خبردار کیا تھا کہ وہ امریکا کو دھمکانے کا سلسلہ بند کر دے یا پھر اپنے خاتمے کے لیے تیار ہوجائے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اگر ایران لڑنا چاہتا ہے تو یہ اس کا واضح خاتمہ ہوگا، امریکا کو دوبارہ دھمکی نہ دی جائے۔خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹ ایسے موقع پر سامنے آئی جب کچھ ہی روز قبل ایران پر امریکا کی معاشی پابندیوں کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں اور واشنگٹن نے مشرق وسطیٰ میں بمبار طیارے اور طیارہ بردار جہاز تعینات کر دیئے ہیں۔