اومانی وزیرخارجہ کا دورہ تہران، اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات

ملاقات میں دونوںملکوں کے درمیان باہمی تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا

منگل 21 مئی 2019 14:13

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2019ء) ایران کے سرکاری خبر رساں اداروںکے مطابق خلیجی ریاست سلطنت اومان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی نے گذشتہ روز ایران کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سے ملاقات کی۔ایران کی سرکاری نیوزایجنسی کے مطابق اومان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی اور جواد ظریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوںملکوں کے درمیان باہمی تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اومانی وزیرخارجہ نے ایک ایسے وقت میں ایران کا دورہ کیا ہے جب امریکا اور ایران جنگ کے دھانے پر ہیں۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور امریکی فوج کی تعیناتی پر بھی بات چیت کی گئی۔امریکا اور ایران کے درمیان نہ صرف کشیدگی پائی جا رہی ہے بلکہ دونوںملکوں کے درمیان لفظی جنگ بھی جاری ہے۔ گذشتہ روز ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا تھا کہ انسانیت کے قتل عام کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے اور نہ ہی اس طرح کے ارادے ایران کو مٹا سکتے ہیں۔