سندھ ہائیکورٹ نے پولیس ایکٹ 2019 طلب کرلیا،سماعت13جون تک ملتوی

اگر آئی جی سندھ صوبائی اسمبلی کے پاس کیے گئے قانون پر عمل کرینگے تو وہ بھی توہین عدالت کے مرتکب ہونگے، وکیل درخواست گزار

منگل 21 مئی 2019 14:23

سندھ ہائیکورٹ نے پولیس ایکٹ 2019 طلب کرلیا،سماعت13جون تک ملتوی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2019ء) عدالتی فیصلے کے مطابق سندھ پولیس میں اصلاحات نہ کرنے کے معاملے کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے سندھ اسمبلی میں پاس ہونے والے پولیس ایکٹ 2019کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت13جون تک ملتوی کردی ہے۔عدالت نے سندھ اسمبلی میں بل پر ہونے والی بحث کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم بھی دیاہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر فیصل صدیقی نے اپنے دلائل میں کہا کہ اگر آئی جی سندھ صوبائی اسمبلی کے پاس کیے گئے قانون پر عمل کرینگے تو وہ بھی توہین عدالت کے مرتکب ہونگے۔فیصل صدیقی نے کہا کہ یہ کوئی نازی ریاست نہیں ہے پاس ہونے والا بل پبلک دستاویز ہے۔جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ کم از کم بل ہمارے سامنے ہونا چاہئے تاکہ جائزہ لے سکیں۔درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ آپ بل میں دیکھئے گا عدالتی حکم کی مکمل خلاف ورزی کی گئی ہے۔عدالت نے سندھ اسمبلی سے پاس کیے گئے بل اور اسمبلی میں ہونے والی بحث کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 جون تک ملتوی کردی۔